7

لاہور میں 30 مقامات پر آگاہی و دستخطی کیمپ لگائے جائیں گے، لاکھوں افراد سے رابطہ کیا جائے گا.ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ

سپر لانگ مارچ موخر ہوا ہے، ختم نہیں، جدوجہد جاری ہے.

امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی پیٹرول لیوی کے خلاف جاری تحریک کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا سپر لانگ مارچ موخر ہوا ہے، ختم نہیں، جدوجہد جاری ہے۔ لاہور میں 30 مقامات پر آگاہی و دستخطی کیمپ لگائے جائیں گے، جہاں لاکھوں شہریوں سے رابطہ کیا جائے گا اور عوامی مطالبات کے حق میں دستخط لیے جائیں گے۔ دستخطی مہم کے ذریعے عوام کو متحرک کرتے ہوئے اس تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کی پیٹرول لیوی کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کے حوالے سے لاہور میں آئندہ کے لائحہ عمل اور سرگرمیوں پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے بنیادی اور حقیقی مسائل پر آواز بلند کر رہی ہے۔ مہنگا آٹا، مہنگی بجلی اور عوام پر عائد دیگر بوجھ ایسے مسائل ہیں جنہیں عوام مزید نظرانداز نہیں کر سکتے۔ وزیر اعظم پاکستان کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں مہنگے آٹے، مہنگی بجلی سمیت دیگر عوامی ایشوز بھی زیرِ بحث لائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ پُرامن اور جمہوری انداز میں اپنے احتجاج ریکارڈ کروائے ہیں۔ حالیہ وحدت روڈ کا جلسہ عام بھی اسی پُرامن جمہوری جدوجہد کی واضح مثال ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے رکاوٹوں کے باوجود ہزاروں مرد و خواتین نے جلسے میں شرکت کی اور پُرامن انداز میں اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ شرکاء نے کسی گملے اور سڑک پر لگے کسی پودے کو نقصان نہیں پہنچایا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد پُرامن، جمہوری اور عوامی حقوق کے لیے ہے۔
امیر جماعت اسلامی لاہور نے کہا کہ ہم سنجیدہ اور محبِ وطن جماعت اور عوام کی بات کرنے والے لوگ ہیں۔ ہم ملک سے محبت کرتے ہیں اور پاکستان کی تعمیر و ترقی چاہتے ہیں۔ ہمارا مقصد کسی ادارے یا ریاستی نظام کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ عوام کے بنیادی مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول لیوی کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری ہے۔ لاہور میں دستخطی مہم کے ذریعے لاکھوں افراد سے رابطہ کیا جائے گا، عوام کو اس معاملے کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا اور تحریک کو مزید منظم و تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ عوامی حقوق کی اس جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ اگر حکومت نے عوام کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو ملتان سے ہی پوری قوت اور مزید جذبے کے ساتھ سپر لانگ مارچ شروع کیا جائے گا۔ لاہور کے تمام کارکنان اور ورکرز پُرجوش اور پُرعزم ہیں اور عوامی حقوق کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ سپر لانگ مارچ کو صرف موخر کیا گیا ہے، ختم نہیں کیا گیا۔ جماعت اسلامی عوامی مسائل، مہنگائی، مہنگی بجلی، مہنگے آٹے اور پیٹرول لیوی سمیت عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنی پُرامن اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں