بجلی چوری کے الزامات پر 48 گھنٹے کا قانونی نوٹس، ثبوت پیش کرنے یا بلا مشروط معافی کا مطالبہ
لاہور: جماعت اسلامی لاہور نے صدر انجمن تاجران مال روڈ سہیل محمود بٹ کی جانب سے ایک ٹی وی پروگرام میں جماعت اسلامی پر بجلی چوری کے الزامات عائد کیے جانے پر انہیں قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔جماعت اسلامی لاہور کے مطابق مذکورہ الزامات بے بنیاد اور جماعت اسلامی کی ساکھ کو متاثر کرنے کے مترادف ہیں۔ قانونی نوٹس میں سہیل محمود بٹ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے عائد کردہ الزامات کے ثبوت پیش کریں یا 48 گھنٹوں کے اندر بلا مشروط معافی مانگیں۔قانونی نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ ٹی وی پروگرام کے دوران جماعت اسلامی پر بجلی چوری کا الزام عائد کرکے جماعت اسلامی کی شہرت اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ الزام کے ثبوت فراہم کیے جائیں، بصورت دیگر اپنے بیان سے رجوع کرتے ہوئے بلا مشروط معافی مانگی جائے۔
جماعت اسلامی لاہور نے واضح کیا ہے کہ مقررہ 48 گھنٹوں کے اندر معافی نہ مانگنے کی صورت میں سہیل محمود بٹ کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت سول اور فوجداری کارروائی شروع کی جائے گی۔
قانونی نوٹس جماعت اسلامی لاہور کے جنرل سیکرٹری اظہر بلال کی ہدایت پر ایڈووکیٹ ہائی کورٹ ڈاکٹر کلیم جاوید کی جانب سے ارسال کیا گیا ہے۔
