ڈھائی لاکھ افراد کی آنکھوں کا معائنہ، 13 ہزار 700 افراد کی بینائی بحال، 60 ہزار کو مفت عینکیں
اکرام اعوان ڈوگہ نے محدود وسائل کے باوجود مستحق افراد کی بینائی کی بحالی کا مشن جاری رکھا ہوا ہے
لاہور( سٹاف رپورٹر)ذاتی وسائل سے 2001ءمیں شروع ہونے والا مفت آئی کیمپ آج ہزاروں مستحق افراد کیلئے امید کی کرن بن گیا۔ ڈھائی لاکھ افراد کی آنکھوں کا معائنہ، 60 ہزار کو مفت عینکیں اور ادویات فراہم کی گئیں۔انسانیت کی خدمت کا جذبہ اگر خلوص، عزم اور مستقل مزاجی کے ساتھ پروان چڑھے تو وہ ایک فرد کی کاوش سے ہزاروں زندگیوں میں روشنی بکھیر سکتا ہے۔ ملک محمد اکرام اعوان ڈوگہ کی 26 سالہ فلاحی خدمات اس کی ایک روشن مثال ہیں، جنہوں نے اپنی ذاتی آمدن اور محدود وسائل کے باوجود پنجاب کے مختلف علاقوں میںمستحق افراد کی بینائی کی بحالی کا مشن جاری رکھا ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک محمد اکرام اعوان ڈوگہ نے 2001ءمیں محدود وسائل کے ساتھ مفت آئی کیمپوں کے انعقاد کا آغاز کیا۔ اس فلاحی سفر کی بنیاد دراصل 1990ءمیں پیش آنے والے ایک ذاتی تجربے پر رکھی گئی، جب انہوں نے اپنے سسر کا آنکھوں کا آپریشن کروایا۔ اس دوران انہیں ایسے متعدد غریب اور مستحق افراد دیکھنے کو ملے جو مالی مشکلات کے باعث آنکھوں کا علاج کروانے سے قاصر تھے۔ ضرورت مند مریضوں کی بے بسی نے ان کے دل میں دکھی انسانیت کی خدمت کا ایسا جذبہ پیدا کیا جو آج ایک طویل فلاحی مشن کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ملک محمد اکرام اعوان ڈوگہ گزشتہ 26 برس سے اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کیلئے یہ سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں وہ اپنی ذاتی آمدن اور ماہانہ وسائل میں سے باقاعدگی سے رقم مختص کرکے مستحق مریضوں کے علاج معالجے کے اخراجات برداشت کرتے ہیں۔ان کی اس مسلسل فلاحی جدوجہد کے نتیجے میں اب تک تقریباً 13 ہزار 700 افراد کی آنکھوں کے کامیاب آپریشن کیے جا چکے ہیں، جبکہ تقریباً ڈھائی لاکھ افراد کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح 60 ہزار کے قریب مستحق افراد کو مفت عینکیں اور آئی ڈراپس فراہم کیے گئے ہیں۔ ضرورت مند مریضوں کو آپریشن، مکمل علاج معالجے اور آپریشن کے بعد پانچ روزہ ادویات کی سہولت بھی بلا معاوضہ فراہم کی جاتی ہے۔ملک محمد اکرام اعوان ڈوگہ کی یہ کاوش اس حقیقت کا عملی ثبوت ہے کہ خدمت خلق کیلئے بڑے وسائل سے زیادہ بلند حوصلے، درددل اور اخلاص کی ضرورت ہوتی ہے۔ محدود وسائل سے شروع ہونے والا یہ سفر آج ہزاروں مستحق خاندانوں کیلئے امید اور روشنی کا پیغام بن چکا ہے۔ ان کی 26 سالہ مسلسل جدوجہد معاشرے کے صاحب حیثیت افراد کیلئے بھی ایک قابل تقلید مثال ہے کہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق دکھی انسانیت کی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں۔
