ایس اے گارڈنز کے 50 متاثرین کو پوزیشن لیٹرز کی فراہمی، پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی لاہور کی جدوجہد کے نتیجے میں اہم پیش رفت
لاہور: (عمرحیات چوہدری)پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی لاہور کے زیرِ اہتمام سید مودودی اسلامک سنٹر میں ایس اے گارڈنز کے متاثرین کو پوزیشن لیٹرز حوالے کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی، جنہوں نے 50 متاثرہ مرد و خواتین میں پوزیشن لیٹرز تقسیم کیے۔ تقریب میں ایس اے گارڈنز کے متاثرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر صدر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی لاہور قیصر شریف، سیکرٹری پبلک ایڈ کمیٹی شاہد نوید ملک، امیر جماعت اسلامی شمالی لاہور چوہدری محمد اسلم، نائب امیر زاہد شباب بٹ، امیر زون شاہدرہ مشتاق بٹ، پبلک ایڈ کمیٹی کے ذمہ داران احمد سلمان بلوچ ، عامر نور خان اور چوہدری رفاقت علی میو سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔تقریب کے دوران متاثرین نے پوزیشن لیٹرز کی فراہمی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی لاہور کی مسلسل جدوجہد اور کاوشوں کو سراہا اور ذمہ داران کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے ایس اے گارڈنز کی انتظامیہ کے اس مثبت اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے متاثرین کے مسائل کے حل کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی خالصتاً عوام کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے میدانِ عمل میں موجود ہے۔ بجلی کے شعبے میں آئی پی پیز کے معاہدوں کا معاملہ ہو یا پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کا مسئلہ، جماعت اسلامی نے ہر محاذ پر عوام کی آواز بلند کی اور حکمرانوں کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر مجبور کیا۔انہوں نے کہا کہ ایس اے گارڈنز کے متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے نیب سمیت متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ جماعت اسلامی لاہور پبلک ایڈ کمیٹی کے پلیٹ فارم سے شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی کردار ادا کر رہی ہے۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ شہریوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے پبلک ایڈ کمیٹی کے دروازے 24 گھنٹے کھلے ہیں۔ قانونی معاملات ہوں یا بجلی و گیس کے مسائل، گلی محلوں کے بنیادی مسائل ہوں یا صحت اور تعلیم سے متعلق مشکلات، جماعت اسلامی بلاامتیاز خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت شہریوں کی خدمت کر رہی ہے۔ ہمارا مقصد شہریوں کو ان کے حقوق دلوانا اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں تک مؤثر رسائی فراہم کرنا ہے۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے 29 نومبر کو مینار پاکستان پر منعقد ہونے والے جماعت اسلامی کے جلسہ عام کے حوالے سے کہا کہ جماعت اسلامی مینار پاکستان پر ایک نئی سیاسی تاریخ رقم کرے گی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں پنجاب بھر سے لاکھوں افراد مینار پاکستان کے سائے تلے جمع ہوں گے اور پنجاب کی سیاسی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجتماع عوامی حقوق کے تحفظ اور ملک میں حقیقی عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار ہوگا۔

