6

ڈی ایس ریلوے انعام اللہ کی ہدایت پر ڈی سی او ریلوے عبداللہ ارشد کا ننکانہ صاحب ریلوے اسٹیشن کا دورہ، سکھ یاتریوں کی آمد کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا



سکھ یاتریوں کو ننکانہ صاحب ریلوے اسٹیشن پر بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ ڈی ایس ریلوے انعام اللہ کی ہدایت

لاہور (سٹاف رپورٹر) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور انعام اللہ کی ہدایت پر  ڈویژنل کمرشل آفیسر  عبداللہ ارشد نے ننکانہ صاحب ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا اور سکھ یاتریوں کی آمد کے حوالے سے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی ایس ریلوے کی ہدایات کے مطابق ننکانہ صاحب ریلوے اسٹیشن پر سکھ یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹیشن آفیسر سید معیز حیدر، آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر جواد لیاقت، کمرشل انسپکٹر حاجی محمد اشرف سمیت دیگر ریلوے افسران اور عملہ بھی موجود تھا۔
سکھ یاتریوں کی آمد کے موقع پر ریلوے اسٹیشن پر صفائی ستھرائی، مسافروں کی سہولت اور دیگر انتظامات کو تسلی بخش بنایا گیا۔ سکھ یاتریوں کا ننکانہ صاحب ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا گیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔
پاکستان ریلوے کی جانب سے سکھ یاتریوں کی سفری سہولت اور آسانی کے لیے مجموعی طور پر چار خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیا گیا ہے جن میں سے دو ٹرینیں سکھ یاتریوں کو لے کر ننکانہ صاحب پہنچیں۔ ایک ٹرین حیدرآباد جبکہ دوسری کراچی سے روانہ ہوئی۔
اسی طرح سکھ یاتریوں کی واپسی کے لیے بھی پاکستان ریلوے کی جانب سے دو خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ 25 نومبر 2026 کو پہلی ٹرین ننکانہ صاحب سے روانہ ہو کر حیدرآباد جبکہ دوسری خصوصی ٹرین ننکانہ صاحب سے روانہ ہو کر کراچی پہنچے گی۔
واضح رہے پاکستان ریلوے سکھ یاتریوں کو محفوظ، آرام دہ اور بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں