مبینہ گروہ میں خود کو وکیل ظاہر کرنے والے شخص کے ساتھ دو سے تین خواتین کے سرگرم ہونے کا دعویٰ، خواتین کارڈ اور جعلی صحافتی شناخت کے استعمال کے الزامات
ملازمین کو تحفظ دینے کے بجائے قربانی کا بکرا بنانے کی روایت ناقابلِ قبول، مبینہ طور پر دوبارہ متحرک ہونے والے گروہ کی سرگرمیوں کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ
واٹس ایپ پر مبینہ من گھڑت خبریں اور عدالتی حوالوں کے ذریعے ملازمین کو دباؤ میں لانے کا دعویٰ، بعض اعلیٰ افسران بھی مبینہ طور پر متاثر
روزنامہ عوامی مشن کی تحقیقات میں مبینہ ڈمی صحافتی اداروں، غیر مصدقہ شناختی کارڈز اور قانونی دستاویزات کی عدم دستیابی کا معاملہ سامنے آنے کا دعویٰ
اسٹیشن کمانڈر راولپنڈی، ڈی جی ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس اور وزارتِ اطلاعات سے تحقیقات، درخواست گزاروں کے لیے شناخت اور حلف نامہ لازمی قرار دینے کا مطالبہ
راولپنڈی (مدثر الیاس کیانی ) کسی بھی سرکاری ادارے کے سربراہ کی ذمہ داری صرف دفتری امور چلانا یا معمولی غلطی پر ماتحت ملازمین کو معطل اور برطرف کرنا نہیں، بلکہ اپنے ادارے کے ملازمین کو تحفظ، عزتِ نفس اور پیشہ ورانہ ماحول فراہم کرنا بھی اس کے بنیادی فرائض میں شامل ہے۔ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ میں مبینہ طور پر ایک بار پھر بلیک میلنگ اور دباؤ کا سلسلہ شروع ہونے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جس نے ادارے کی انتظامیہ اور بالخصوص چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ذمہ داریوں پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ذرائع کے مطابق سابقہ چیف ایگزیکٹو آفیسرز کے ادوار میں بھی ایک مبینہ گروہ سرگرم رہا، جسے غیر رسمی طور پر کرپشن گروپ کہا جاتا تھا۔ اس گروہ میں ایک شخص خود کو وکیل ظاہر کرتا تھا جبکہ اس کے ساتھ دو سے تین خواتین بھی مبینہ طور پر خواتین کارڈ استعمال کرتے ہوئے سرگرم تھیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ عناصر پہلے واٹس ایپ کے ذریعے ملازمین کے خلاف مبینہ من گھڑت خبریں اور الزامات بھیجتے اور مطالبات تسلیم نہ ہونے پر خواتین کے نام سے گمنام درخواستیں تیار کرکے پہلے اسٹیشن کمانڈر راولپنڈی اور بعد ازاں ڈی جی ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس سمیت اعلیٰ حکام کو ارسال کرتے تھے۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ یہی گروہ ایک مرتبہ پھر متحرک ہے اور اس کے بعض افراد صحافت سے وابستگی کا دعویٰ کرتے ہوئے مبینہ طور پر جعلی صحافتی شناخت، ڈمی اخبارات اور مختلف اداروں کے نام استعمال کر رہے ہیں، حالانکہ ان کی کسی مستند اور رجسٹرڈ صحافتی ادارے سے وابستگی کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔ ملازمین کو واٹس ایپ پر ایسی مبینہ من گھڑت خبریں بھیجی جاتی ہیں جن میں سپریم کورٹ کے فیصلوں اور قانونی دفعات کے حوالے دے کر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق بعض اعلیٰ افسران بھی مبینہ طور پر ان عناصر کے دباؤ اور بلیک میلنگ کا شکار ہیں، حتیٰ کہ اپنی تنخواہوں کا ایک بڑا حصہ دینے پر مجبور ہونے کے دعوے بھی سامنے آئے ہیں۔ ان سنگین الزامات کی آزادانہ تحقیقات ضروری ہیں۔
اسی تناظر میں روزنامہ عوامی مشن نے بھی معاملے کی اپنی سطح پر تحقیقات کیں، جن کے دوران ایسے مرد اور خواتین سامنے آئے جو مختلف صحافتی اداروں سے وابستگی کا دعویٰ کر رہے تھے، تاہم دستیاب معلومات کے مطابق ان کے بتائے گئے اداروں کی کسی مستند رجسٹریشن کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ مزید یہ کہ متعلقہ اداروں کے پاس کسی مستند این او سی، ڈیکلریشن یا پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سے متعلقہ قانونی دستاویزات کی موجودگی کا ثبوت بھی سامنے نہیں آیا۔ ان لوگوں نے اپنی مرضی سے خود ساختہ صحافتی اداروں کے نام اور شناختی کارڈ تیار کر رکھے ہیں۔
صحافت ایک ذمہ دارانہ پیشہ ہے اور کوئی بھی حقیقی صحافی، خواہ مرد ہو یا خاتون، واٹس ایپ پر خبریں بھیج کر کسی کو بلیک میل کرنے کے بجائے اپنے مستند ادارے کے ذریعے خبر شائع یا نشر کرتا ہے۔ صحافتی تنظیموں کے عہدیداران سے رابطے پر بھی اس مؤقف کی تائید کی گئی کہ صحافت کی آڑ میں دباؤ ڈالنا اور ذاتی مفادات حاصل کرنا پیشہ ورانہ صحافت نہیں۔ معمولی رقم کے عوض ڈمی صحافتی کارڈز اور اداروں کے نام استعمال کرنے کا مبینہ رجحان بھی حقیقی صحافیوں کی ساکھ کے لیے نقصان دہ ہے۔اس صورتحال میں اسٹیشن کمانڈر راولپنڈی اور ڈی جی ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس سے اہلیانِ کینٹ کا مطالبہ ہے کہ کسی بھی ملازم کے خلاف موصول ہونے والی درخواست پر کارروائی سے پہلے درخواست گزار کی اصل شناخت، درست قومی شناختی کارڈ نمبر اور متعلقہ ادارے کی قانونی حیثیت کی تصدیق لازمی قرار دی جائے۔ بالخصوص ’’پاکستان کا بیٹا‘‘، ’’پاکستان کی بیٹی‘‘، ’’محبِ وطن شہری‘‘، ’’آپ کا خیر خواہ‘‘ اور دیگر فرضی ناموں سے آنے والی درخواستوں، نیز غلط یا مشکوک شناختی کارڈ نمبروں پر مشتمل شکایات کو تصدیق کے بغیر قابلِ کارروائی نہ سمجھا جائے۔مزید یہ کہ ہر درخواست دہندہ کے لیے باقاعدہ حلف نامہ (Affidavit) جمع کرانے کا طریقہ کار وضع کیا جائے، جس میں وہ اپنے الزامات اور فراہم کردہ معلومات کی صداقت کی ذمہ داری قبول کرے، تاکہ اگر درخواست دانستہ طور پر جھوٹی، بدنیتی پر مبنی یا جعلی دستاویزات پر مشتمل ثابت ہو تو درخواست گزار کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد حقیقی شکایات کو روکنا نہیں بلکہ گمنامی اور فرضی شناخت کی آڑ میں ملازمین کو ہراساں کرنے کا راستہ بند کرنا ہے۔دوسری جانب وزارتِ اطلاعات و نشریات سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بغیر قانونی ڈیکلریشن، این او سی اور رجسٹریشن کے اپنی مرضی سے صحافتی اداروں اور اخبارات کے نام استعمال کرنے والے عناصر کے خلاف سخت اور فوری کارروائی کی جائے۔ ایسے افراد جو جعلی صحافتی شناختی کارڈز اور خود ساختہ اداروں کی آڑ میں سرکاری ملازمین، شہریوں یا دیگر افراد کو مبینہ طور پر دباؤ میں لانے اور بلیک میل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ان کی نشاندہی کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس سلسلے میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایسے خود ساختہ صحافتی اداروں، جعلی صحافتی کارڈز اور ان کے ذریعے ہونے والی مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کی تحقیقات کرکے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں۔
اسٹیشن کمانڈر راولپنڈی، ڈی جی ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مبینہ بلیک میلنگ نیٹ ورک کی شفاف تحقیقات کرائیں، چیف ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کو ملازمین کے تحفظ کے لیے واضح ہدایات جاری کریں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لائیں۔اداروں کی مضبوطی ملازمین کو خوفزدہ کرنے سے نہیں بلکہ انہیں تحفظ، انصاف اور عزتِ نفس فراہم کرنے سے ممکن ہوتی ہے۔ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی انتظامیہ کو اس بنیادی اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اور عملی اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ ایمانداری سے فرائض انجام دینے والے ملازمین کو کسی مبینہ بلیک میلنگ نیٹ ورک کے رحم و کرم پر نہ چھوڑا جائے۔
9