5

ڈیزل کی قیمت میں ہوشربا اضافہ عوام پر ظلم ہے، مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی۔


حکومت کے مہنگائی میں کمی کے دعوے زمینی حقائق کے برعکس ہیں،لوگ فاقوں پر مجبورہے ۔


امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی ہوشربا مہنگائی اور ڈیزل کی قیمت میں ہوشربا اضافہ کی مذمت

لاہور(عمرحیات چوہدری)امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے ہوشربا مہنگائی اور ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے گیارہ روپے فی لیٹر اضافے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہوشربا مہنگائی نے پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے اور اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کی کمر توڑنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ایک طرف مہنگائی میں کمی کے دعوے کر رہی ہے جبکہ دوسری جانب ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے ان دعوؤں کی خود نفی کر رہی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ براہِ راست مہنگائی میں اضافے کا سبب بنتا ہے جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ ہوتا ہے اور کروڑوں شہری شدید متاثر ہوتے ہیں۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جب ڈیزل مہنگا ہوتا ہے تو آٹا، چینی، چاول، گھی، دالیں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں، جس کا بوجھ براہِ راست غریب اور متوسط طبقے پر پڑتا ہے۔ عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور کم آمدن کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات بالخصوص ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور عوام کو مزید معاشی دباؤ سے بچانے کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، بصورت دیگر عوام میں پائی جانے والی بے چینی میں مزید اضافہ ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں