نیول کوسٹل کمانڈ گوادرکھیل دوستی کی علامت بن کر نوجوانوں میں جذبہ حب الوطنی اُجاگر کرنے لگے
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نیوی کوسٹل کمانڈر اور ساحل ویلفیئر آرگنائزیشن کے تعاون سے گوادر کرکٹ اکیڈمی امن ،محبت ، بھائی چارے اور دوستی کا پیغام لیکرپانچ فروری کو کراچی پہنچے گی جہاں وہ مختلف کرکٹ ٹیموں سے آٹھ میچز کھیلے گی۔سمندر کے رکھوالے پاکستان نیوی کی کھیل دوستی کی بدولت گوادر کرکٹ اکیڈمی اپنے کراچی کے دوسرے دورے کے موقع پر رواں ماہ معین خان کرکٹ اکیڈمی ، یو بی ایل کرکٹ اکیڈمی،کراچی جمخانہ ، سرفراز احمد کرکٹ اکیڈمی،راشد لطیف کرکٹ اکیڈمی،آغا خان جمخانہ،فخر زمان کرکٹ اکیڈمی اور سعید خان کرکٹ اکیڈمی سے میچز کھیلے گی۔ گوادر کرکٹ اکیڈمی کے بانی چیئرمین حاجی عبدالحمید رشیداورصدر حاجی حنیف حسین کے مطابق گوادر کرکٹ اکیڈمی اپنی رضاکارانہ جدوجہد، خلوص اور لگن کی بدولت ایک منفرد شناخت رکھتی ہے جو بغیر کسی فیس کے بچوں اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،پاکستان نیوی کی جانب سے گوادر کرکٹ اکیڈمی کے اس ٹور کی اسپانسرشپ نہ صرف گوادر بلکہ پورے بلوچستان کے کرکٹ حلقوں کیلئے ایک قیمتی تحفہ ہے،بلاشبہ سمندر کے رکھوالے بلوچستان کی نوجوان نسل کو کلاشنکوف کلچر اور منشیات کی لعنت سمیت دیگر سماجی برائیوں سے بچا کر صحت مندانہ سر گرمیوں کے ذریعے معاشرے کا ایک مفید شہری اور محب وطن پاکستانی بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔گوادر کرکٹ اکیڈمی کا پانچ فروری سے شروع ہونے والا کراچی کاٹور اس حقیقت کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان نیوی اور گوادر کرکٹ کے درمیان دوستی کا رشتہ کوئی نیا نہیں بلکہ ایک مضبوط اور دیرینہ تاریخ رکھتا ہے، جسے نیول کوسٹل کمانڈ نے مزید استحکام اور وسعت بخشی ہے،امن،محبت ، بھائی چارے اورکھیل دوستی کا یہ خوبصورت سفر گوادر سے شروع ہو کر کراچی جیسے بین الاقوامی شہر تک پھیل چکا ہے،پاکستان نیوی اور گوادر کے نوجوان، روشن پاکستان کی علامت بن کر امن، برابری اور بھائی چارے کا پیغام عملی طور پر آگے بڑھا رہے ہیںاس سفر کے مستقبل میں نہایت مثبت اور دور رس نتائج نکلیں گے۔