2

سالانہ ٹینڈر ایک طرف، ورک آرڈرز کی بارش دوسری طرف؛ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ میں مخصوص فرموں کی پانچوں انگلیاں گھی میں؟

58 کروڑ 50 لاکھ کے سالانہ ٹینڈر کے باوجود پانچ پانچ لاکھ کے ورک آرڈرز کا سلسلہ، ٹینڈر میں ناکام اور حصہ نہ لینے والی فرمیں بھی مبینہ طور پر مستفید

ہر بار وہی چار پانچ نام کیوں؟ سالانہ ٹینڈر جیتنے والے ٹھیکیدار پس منظر میں، مخصوص فرموں کو مسلسل کام ملنے پر سوالات

ہنگامی کاموں کی آڑ میں خریداری کا متوازی نظام تو نہیں چل رہا؟ کراچی کنٹونمنٹ بورڈ کے آڈٹ اعتراض نے بھی اخراجات کی تقسیم پر سوال اٹھائے تھے

راولپنڈی (مدثر الیاس کیانی سے) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ میں مالی سال 2026-27 کے لیے سالانہ مرمت و بحالی کے کاموں کا باقاعدہ ٹینڈر جاری کیے جانے کے باوجود مختلف نوعیت کے کاموں کے لیے مسلسل الگ الگ ورک آرڈرز جاری کیے جانے کا معاملہ سنگین سوالات کو جنم دینے لگا ہے۔ ذرائع کے مطابق سالانہ ٹینڈر کے دائرہ کار میں آنے والے کاموں کے لیے تقریباً پانچ پانچ لاکھ روپے اور بعض اوقات اس سے ملتی جلتی رقوم کے الگ الگ ورک آرڈرز جاری کیے جا رہے ہیں، جبکہ ان کاموں کے لیے بار بار صرف چار سے پانچ مخصوص فرموں کے نام سامنے آ رہے ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ان میں بعض فرموں نے سالانہ ٹینڈر میں حصہ ہی نہیں لیا تھا، جبکہ بعض ایسی ہیں جو ٹینڈر کے عمل میں شریک تو ہوئیں لیکن کامیاب بولی دہندہ قرار نہیں پا سکیں۔ اس کے باوجود مبینہ طور پر انہی فرموں کو مسلسل نئے ورک آرڈرز جاری کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔روزنامہ دنیا میں 22 اگست 2026 کو شائع ہونے والے راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے اصل اشتہار کے مطابق مالی سال 2026-27 کے لیے سالانہ مرمت و بحالی کے کاموں کی ای بڈنگ طلب کی گئی تھی۔ E-PADS حوالہ نمبر P92224 کے تحت مجموعی طور پر 12 پیکیجز رکھے گئے تھے، جن کی تخمینہ لاگت 585 ملین روپے، یعنی 58 کروڑ 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔ ان پیکیجز میں کنٹونمنٹ فنڈ کی عمارتوں، سڑکوں اور گلیوں، نکاسی آب و سیوریج، واٹر سپلائی لائنوں، پارکس، اسٹریٹ لائٹس، فٹ پاتھوں سمیت دیگر عوامی سہولیات کی مرمت و بحالی کے کام شامل تھے۔ اشتہار کے مطابق بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 ستمبر 2026 تھی، جبکہ بولیاں اسی روز کھولی جانی تھیں۔ خریداری کا طریقہ اوپن کمپیٹیٹو بڈنگ، سنگل اسٹیج ون انویلپ اور کم ترین لاگت کی بنیاد پر انتخاب (LCBS) مقرر کیا گیا تھا۔دستاویزی طور پر سالانہ ٹینڈر کی موجودگی کے باوجود اگر اسی نوعیت کے کاموں کے لیے بار بار الگ ورک آرڈرز جاری کیے جا رہے ہیں تو بنیادی سوال یہ ہے کہ آخر ایسی کون سی ناگزیر ضرورت پیش آ رہی ہے کہ پہلے سے ٹینڈر کیے گئے کام دوبارہ چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کرکے دوسری فرموں کو دیے جا رہے ہیں؟ ذرائع کے مطابق بعض ورک آرڈرز کی مالیت پانچ لاکھ روپے کے لگ بھگ رکھی جاتی ہے، جبکہ بعض کی رقم اس سے معمولی کم یا زیادہ بتائی جاتی ہے۔ اگر یہ اطلاعات درست ہیں تو ان ورک آرڈرز کی تعداد، مجموعی مالیت، منظوری کے طریقہ کار اور اجرا کی وجوہات کی وضاحت ناگزیر ہو جاتی ہے۔اس معاملے کا سب سے اہم اور قابلِ توجہ پہلو یہ ہے کہ ذرائع کے مطابق بار بار صرف چار سے پانچ مخصوص فرموں کو ہی کام مل رہا ہے۔ اگر ان میں بعض فرموں نے سالانہ ٹینڈر میں حصہ نہیں لیا تو انہیں مسلسل ورک آرڈرز دینے کی بنیاد کیا ہے؟ اور جن فرموں نے ٹینڈر میں حصہ لیا لیکن کامیاب نہ ہو سکیں، انہیں بعد ازاں الگ الگ ورک آرڈرز کے ذریعے کام دینے کی کیا وجوہات ہیں؟ کیا ان فرموں کے لیے کوئی خصوصی رعایت یا الگ طریقہ کار اختیار کیا جا رہا ہے؟ اگر یہ فرمیں واقعی اتنی اہل اور بہتر کارکردگی کی حامل ہیں تو پھر سالانہ ٹینڈر کے مسابقتی عمل میں کامیاب کیوں نہ ہو سکیں؟ اور اگر سالانہ ٹینڈر میں منتخب ٹھیکیداروں کو کام دینا مقصود نہیں تو پھر 58 کروڑ 50 لاکھ روپے کے سالانہ ٹینڈر اور اس کے پورے مسابقتی عمل کی عملی افادیت کیا رہ جاتی ہے؟یہ معاملہ سالانہ ٹینڈر کے تحت کامیاب ٹھیکیداروں کی ذمہ داریوں اور کارکردگی سے بھی براہِ راست جڑا ہوا ہے۔ اگر منتخب ٹھیکیدار متعلقہ کام کرنے سے انکار کر رہے ہیں یا معاہدے کی شرائط کے مطابق کام مکمل نہیں کر رہے تو کیا بورڈ نے انہیں تحریری نوٹس جاری کیے؟ کیا معاہدے کی خلاف ورزی پر کارروائی، معاہدے کی منسوخی یا متبادل انتظام کی منظوری دی گئی؟ اور اگر کامیاب ٹھیکیدار کام کرنے کے لیے تیار ہیں تو پھر انہی کاموں کے لیے دوسری فرموں کو الگ ورک آرڈرز دینے کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے؟ ان سوالات کے جوابات کے بغیر بار بار مخصوص فرموں کو کام دینے کا عمل انتظامی اور مالی شفافیت کے حوالے سے مزید ابہام پیدا کرتا ہے۔قانونی طور پر ہنگامی کاموں کے لیے الگ طریقہ اختیار کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ ہر نوعیت کا کام بلاجواز ہنگامی قرار دے کر معمول کے مسابقتی خریداری عمل سے الگ کر دیا جائے۔ ہر ایسے ورک آرڈر کے لیے کام کی حقیقی ضرورت، ہنگامی نوعیت، مجاز اتھارٹی کی منظوری اور متعلقہ قواعد کی پابندی کا ریکارڈ ہونا ضروری ہے۔ اسی طرح اگر الگ الگ ورک آرڈرز کے ذریعے ایک ہی نوعیت کے کام مسلسل تقسیم کیے جا رہے ہیں تو ان کی مجموعی مالیت اور خریداری کے طریقہ کار کا جائزہ بھی ضروری ہے، تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ کہیں ایسا طریقہ تو اختیار نہیں کیا جا رہا جس سے مسابقتی ٹینڈر کے تقاضے متاثر ہوں۔یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی کراچی کنٹونمنٹ بورڈ سے متعلق مالی سال 2018-19 کی آڈٹ رپورٹ کے پیراگراف 2.12.4 میں اخراجات کو تقسیم کرکے قواعد سے بچنے کے معاملے پر باقاعدہ اعتراض اٹھایا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق باغبانی کے کاموں پر مجموعی طور پر 9.870 ملین روپے خرچ کیے گئے، جن میں سے 2.680 ملین روپے کی منظوری اور قواعد کی تعمیل ریکارڈ پر تھی، جبکہ باقی 7.180 ملین روپے مختلف حصوں میں خرچ کیے گئے۔ آڈٹ نے ان اخراجات کو بورڈ کی منظوری اور پی پی آر اے قواعد کی پابندی سے بچنے کے لیے تقسیم کیے جانے کا معاملہ قرار دیا تھا۔ یہ کراچی کنٹونمنٹ بورڈ سے متعلق ایک الگ آڈٹ اعتراض ہے اور اسے راولپنڈی میں کسی بے ضابطگی کا ثبوت نہیں کہا جا سکتا، تاہم یہ مثال خریداری کے عمل میں اخراجات کی تقسیم کے خطرات اور آڈٹ کی اہمیت کو واضح کرتی ہے۔راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی انتظامیہ سے مطالبہ ہے کہ مالی سال 2026-27 کے سالانہ ٹینڈر کے تحت کامیاب فرموں اور ان کے پیکیجز کی تفصیلات، بعد ازاں جاری کیے گئے تمام الگ ورک آرڈرز، ان کے وصول کنندہ ٹھیکیداروں، کام کی نوعیت، مالیت اور منظوری دینے والی اتھارٹی کا ریکارڈ سامنے لایا جائے۔ خاص طور پر یہ واضح کیا جائے کہ بار بار انہی چار سے پانچ فرموں کو کام دینے کی وجوہات کیا ہیں، ان میں سے کن فرموں نے سالانہ ٹینڈر میں حصہ لیا تھا، کون کامیاب نہ ہو سکیں اور کن فرموں نے حصہ ہی نہیں لیا۔ بورڈ انتظامیہ کا مؤقف بھی اس معاملے میں اہم ہے تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ الگ ورک آرڈرز کا اجرا حقیقی ضرورت اور قواعد کے مطابق ہے یا اس طریقہ کار سے سالانہ مسابقتی ٹینڈر کی افادیت متاثر ہو رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں