لاہور (عمرحیات چوہدری): امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بااختیار بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسری اور عوامی مسائل کے حل کا بنیادی ذریعہ ہیں۔ بیوروکریسی کے مقابلے میں منتخب نمائندے عوام کی بہتر خدمت کر سکتے ہیں، تاہم منتخب نمائندوں کو اختیارات اور وسائل دیے بغیر بلدیاتی نظام مؤثر نہیں ہو سکتا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور نے مطالبہ کیا کہ حکومتِ پنجاب انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدامات کرے۔انہوں نے واضح کیا کہ بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور حکومت التوا کے لیے عدالتی کارروائی کو بہانہ نہ بنائے۔ جماعت اسلامی التوا کے خلاف اپنا مؤقف پہلے ہی عدالت میں پیش کر چکی ہے۔ اگر انتخابات 7 فروری سے شروع ہوتے ہیں تو جماعت اسلامی لاہور کی ہر یونین کونسل اور پنجاب بھر میں بھرپور انداز میں حصہ لے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جانے کے حوالے سے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتےہوئے کیا۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کا مزید کہنا تھا کہ محض 9 ٹاؤنز بنانے سے لاہور کے جامع اور یکساں ترقیاتی مسائل حل نہیں ہوں گے۔ شہر میں عوامی نمائندوں کو حقیقی انتظامی و مالی اختیارات دے کر بلدیاتی اداروں کو بیوروکریسی کے شکنجے سے آزاد کرایا جائے۔ جماعت اسلامی عوامی مینڈیٹ کے ذریعے ایک مضبوط اور بااختیار بلدیاتی نظام کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔
