لاہور (عمرحیات چوہدری) شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے یومِ ولادت کے موقع پر پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے زیرِ اہتمام ایک باوقار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر اور چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی رانا محمد قاسم نون نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں مقررین نے علامہ اقبالؒ کی قومی، فکری اور ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے فلسفۂ خودی، تصورِ پاکستان اور نوجوان نسل کی فکری تربیت کے حوالے سے ان کے پیغام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
یومِ اقبال کی مناسبت سے تقریب میں خصوصی طور پر کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز سیاسی، عسکری، صحافتی، کاروباری اور علمی شخصیات نے شرکت کی۔
شرکاء میں سینئر ایڈیٹر روزنامہ جنگ واصف ناگی، پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیف آرگنائزر عزیز احمد اعوان، بریگیڈیئر نادر میر، بریگیڈیئر فاروق شوکت، میجر جنرل محمد نعیم، نوید احمد شیخ، معروف بزنس مین تاج گروپ کے سی ای او میاں سہیل احمد تاج، معروف شاعر، دانشور و کالم نگار رحمان فارس، ایڈووکیٹ افتخار شوکت چوہدری، ڈپٹی کمشنر محمد عثمان اور ہائی کورٹ کی ایڈووکیٹ امبرین ملک سمیت دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔ تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ علامہ اقبالؒ کے افکار و نظریات کو نئی نسل تک پہنچانے اور ان کے پیغامِ خودی، اتحاد اور خود اعتمادی کو عملی زندگی میں فروغ دینے کی ضرورت ہے۔



