جماعت اسلامی قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھےگی ۔
ایران نے امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کیخلاف کھڑے ہو کر مسلم امہ کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔
فلسطین ، لبنان ، ایران اور کشمیر میں مسلمانوں پر زندگی تنگ کرنے کی کوششیں جاری ہیں ، امت کو یکجا ہونا ہوگا۔
امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کاسید مودودی اسلامک سنٹر لٹن روڈ پر فہم قرآن لیکچر کلاس سےخطاب

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ قرآن و سنت کا راستہ اور اتحادِ امت ہی امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا واحد اور حقیقی حل ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں قرآن و سنت کے عادلانہ نظام کے نفاذ کے لیے اپنی پرامن اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سید مودودی اسلامک سنٹر لٹن روڈ لاہور میں منعقدہ فہم القرآن لیکچر کلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ عالمِ اسلام اس وقت شدید چیلنجز سے دوچار ہے اورخطے میں مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ایران نے امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کے خلاف کھڑے ہو کر مسلم امہ کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ فلسطین، لبنان، ایران اور کشمیر میں مسلمانوں پر زندگی تنگ کرنے کی کوششیں جاری ہیں جو پوری امت مسلمہ کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ موجودہ حالات میں امت مسلمہ کو باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قرآن کی تعلیمات کو سمجھنا اور اپنی اجتماعی و انفرادی زندگی میں نافذ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی قرآن و سنت کے پیغام کو عام کرنے اور ایک عادلانہ اسلامی معاشرے کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔