17

امیر جماعت اسلامی لاہور کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف 10 جولائی کو لاہور میں احتجاج کا اعلان


10 جولائی بروز جمعہ شام 5:30 بجے اچھرہ، فیروزپور روڈ پر پرامن اور بھرپور احتجاج کیا جائے گا: ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوام دشمن فیصلہ قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ 10 جولائی بروز جمعہ شام 5:30 بجے اچھرہ، فیروزپور روڈ پر ایک پرامن اور بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کی پبلک ایڈ کمیٹی کے ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جماعت اسلامی لاہوراظہر بلال، نائب امراء خالد احمد بٹ اور وقاص احمد بٹ، صدر پبلک ایڈ کمیٹی قیصر شریف، سیکرٹری شاہد نوید ملک، ڈپٹی سیکرٹری عبدالعزیز عابد، عامر نور خان سمیت پبلک ایڈ کمیٹی کے دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مزید نے کہا کہ مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کو مزید معاشی بوجھ تلے دبانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، بجلی کے بھاری بل اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی قیمت میں شامل لیوی اور تمام ٹیکس فوری طور پر ختم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام سے پیٹرول پر بھتہ کی صورت میں لیوی وصول کرنا بند کرے اور پیٹرول کی قیمت آئندہ تین برس کے لیے 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ آٹے اور ایل پی جی کی قیمتوں کو فوری طور پر کنٹرول کیا جائے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے عوام، نوجوانوں، تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مہنگائی، بجلی کے بھاری بلوں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف 10 جولائی کے احتجاج میں اپنی گاڑیوں سمیت بھرپور شرکت کریں تاکہ عوامی آواز مؤثر انداز میں حکمرانوں تک پہنچ سکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے تحفظ، مہنگائی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دلانے کے لیے ہر جمہوری، آئینی اور قانونی فورم پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں