4

غزہ فلسطین میں ظلم و بربریت کے خلاف 7 اکتوبر کو لاہور میں عظیم الشان ’’غزہ مارچ‘‘ ہوگا: خالد احمد بٹغزہ مارچ کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، مرکزی و صوبائی قائدین کریں گے۔


لاہور کے غیور عوام غزہ مارچ میں بھرپور شرکت کرکے فلسطینی عوام سے اپنی اخلاقی و انسانی وابستگی کا اظہار کریں۔
قائم مقام امیر جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 7 اکتوبر کو مسجدِ شہداء سے اسمبلی ہال تک عظیم الشان ’’غزہ مارچ‘‘ کے اعلان کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ مارچ میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سمیت جماعت اسلامی کے مرکزی و صوبائی قائدین قیادت کریں گے۔خالد احمد بٹ نے کہا کہ غزہ میں جاری جنگ کے دوران بچوں، خواتین اور عام شہریوں کی ہلاکتیں اور پیدا ہونے والا انسانی المیہ عالمی برادری اور عالمی اداروں کے لیے ایک بڑا سوال ہے۔ فلسطینی عوام طویل عرصے سے شدید مشکلات اور مصائب کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے میں عالمی اداروں کو محض اظہارِ تشویش تک محدود رہنے کے بجائے انسانی جانوں کے تحفظ اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو بھی اب محض بیانات اور مذمتوں سے آگے بڑھ کر فلسطینی عوام کے تحفظ، انسانی امداد کی فراہمی اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے مؤثر سفارتی اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔قائم مقام امیر جماعت اسلامی لاہور نے کہا کہ جماعت اسلامی فلسطینی عوام کے حق میں ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’مزاحمت میں زندگی اور غلامی میں موت ہے‘‘، جبکہ فلسطینی عوام کی ثابت قدمی اور جدوجہد نے دنیا کے سامنے ان کے عزم اور اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کی مثال قائم کی ہے۔خالد احمد بٹ نے کہا کہ 7 اکتوبر کو لاہور میں منعقد ہونے والا غزہ مارچ ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کرنے اور فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا مظہر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسجدِ شہداء سے اسمبلی ہال تک ہونے والے اس مارچ میں لاہور کے شہری بڑی تعداد میں شریک ہو کر فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی اخلاقی اور انسانی وابستگی کا اظہار کریں گے۔انہوں نے لاہور کے شہریوں، تمام مکاتبِ فکر، خواتین، نوجوانوں اور بزرگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اہلِ خانہ اور بچوں کے ہمراہ غزہ مارچ میں بھرپور شرکت کریں اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عملی اظہار کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں