لاہور (عمرحیات چوہدری) لاہور فیصل آباد سیکشن کی بحالی کے سلسلے میں ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر حماد حسن مرزا نے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور انعام اللہ کے ہمراہ مسن کالر برج کا خصوصی معائنہ کیا اور برج سمیت ٹریک کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ ڈویژنل سگنل اینڈ ٹیلی کام انجینئر ندیم اقبال خٹک اور ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر چوہدری ناصر حنیف بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے موقع پر کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کی ٹیم بھی موجود تھی۔ ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ نے مسن کالر ریلوے اسٹیشن سے برج تک پیدل چل کر برج کا معائنہ کیا اور ٹریک کی فٹنس، تکنیکی صورتحال اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ مزید برآں بحالی سیکشن کے حوالے سے ہونے والی افتتاحی تقریب کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
بعد ازاں ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ نے شاہدرہ تا لاہور سیکشن کی موٹر ٹرالی انسپیکشن کی اور دورانِ انسپیکشن تمام پلوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے مسن کالر اور شاہدرہ ریلوے اسٹیشنوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
