لاہور (عمرحیات چوہدری) چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات پر سال 2026-27 کو کسٹمر سروسز اینڈ سیفٹی کا سال قرار دیے جانے کے تحت ملازمین کی حفاظت اور سیفٹی ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں لیسکو ایسٹرن اور سدرن سرکلز میں سیفٹی سیمینارز منعقد کیے گئے، جن میں چیف ایگزیکٹو آفیسر نے خصوصی شرکت کی اور افسران و لائن اسٹاف سے خطاب کیا۔ اس موقع پر جی ایم آپریشنز عباس علی اور چیف ہیلتھ اینڈ سیفٹی احمد اختر رحمان بھی موجود تھے۔
ترجمان لیسکو کے مطابق ایسٹرن سرکل میں سیمینار کی میزبانی ایس ای عمر بلال جبکہ سدرن سرکل میں ایس ای نجم الحسن نے کی۔ دونوں سیمینارز میں متعلقہ سرکلز کے افسران اور فیلڈ اسٹاف نے شرکت کی۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملازمین کی جانوں کا تحفظ لیسکو کی اولین ترجیح ہے۔ لائنوں پر کام سے قبل پرمٹ ٹو ورک، فیڈر کی مکمل بندش، ارتھنگ اور لائن کے ڈیڈ ہونے کی تصدیق لازمی کی جائے جبکہ ہیلمٹ، سیفٹی بیلٹ، دستانوں اور دیگر حفاظتی آلات کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لیسکو کا ہدف زیرو ایکسیڈنٹ ہے، جس کے لیے تمام افسران اور ملازمین سیفٹی ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کریں اور فیلڈ افسران اپنے عملے کی حفاظت کی خصوصی نگرانی کریں۔
سیمینارز کے اختتام پر سی ای او لیسکو نے افسران اور ملازمین نے حلف لیا کہ وہ دورانِ ڈیوٹی حفاظتی اصولوں پر مکمل عمل کریں گے، بغیر پرمٹ ٹو ورک کسی لائن پر کام نہیں کریں گے اور حفاظتی آلات کا استعمال یقینی بناتے ہوئے اپنی اور اپنے ساتھیوں کی جانوں کا تحفظ کریں گے۔






