پاکستان کے نوجوان اوپنر صائم ایوب آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلیں گے، وہ 8 ٹی20 انٹرنیشنلز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ آف اسپنر ساجد خان تقریباً دو سال بعد ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔
21 سالہ ٹاپ آرڈر بیٹر صائم ایوب جنہوں نے ٹی20 میچز میں جارحانہ انداز اپنایا اور اپنی پہنچان بنائی، قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں تاریخ رقم کی جہاں ایک اننگز میں سنچری اور ایک میں ڈبل سنچری بنائی۔
فرسٹ کلاس کیریئر میں صائم 14 میچز میں تین سنچریوں اور اتنی ہی نصف سنچریوں کی مدد سے 1069 رنز بنا چکے ہیں۔
شاندار پرفارمنس پر انہیں ٹیسٹ اسکواڈ میں انٹری ملی اور سڈنی میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کیپ دی جا رہی ہے۔
صائم ایوب 8 ٹی20 انٹرنیشنلز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
پاکستان ٹیم میں دوسری انٹری ہے آف اسپنر ساجد خان کی، 30 سالہ اسپنر نے زمبابوے کے خلاف 2021 میں ڈیبیو کیا، ایک سال میں 7 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 22 وکٹیں حاصل کیں۔
اب 20 ماہ کے انتظار کے بعد وہ دوباہ ٹیسٹ میں ایکشن میں ہوں گے۔