دنیا کے امیر ترین آدمی ایلون مسک کے بارے میں منشیات کا استعمال کرنے کی خبریں سامنے آنے پر ان کی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے ایگزیکٹوز اور بورڈ ممبران تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق نامعلوم ذرائع سے یہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ ایلون مسک کیٹامائن کا استعمال مسلسل کر رہے ہیں۔
حالانکہ خود ایلون مسک نے گزشتہ برس اگست میں اپنے ایک انٹرویو میں یہ بتایا تھا کہ وہ اینٹی ڈپریسنٹ لیتے ہیں جس میں کچھ مخصوص تعداد میں منشیات کا استعمال ہوتا ہے۔
رپورٹ میں نجی اجتماعات کے دوران ایلون مسک کے ایل ایس ڈی، کوکین، ایکسٹیسی، اور سائیکڈیلک مشروم کے مبینہ استعمال کے بارے میں بھی انکشاف کیا گیاہے۔
ایلون مسک کے وکیل نے ان دعوؤں پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایلون مسک باقاعدگی سے ڈرگ ٹیسٹ کرواتے ہیں اور اب تک کسی بھی ٹیسٹ کے دوران ان کے خون میں سے ڈرگ یا الکوحل کی مقدار نہیں ملی۔
یاد رہے کہ 2018ء میں ایلون مسک ایک پوڈکاسٹر جو روگن کے ساتھ چرس (marijuana) کا استعمال کرتے نظر آئے تھے جس کے بعد ناسا کی درخواست پر ان کی ڈرگ ٹیسٹنگ کی گئی تھی کیونکہ وہ اسپیس ایکس کے سی ای او ہیں۔