
لاہور:جماعت اسلامی لاہور کے شعبہ تعلیم کے ذمہ داران کا اہم اجلاس امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں لاہور کے تمام اضلاع سے شعبہ تعلیم و دعوت کے مختلف درجات کے ذمہ داران نے شرکت کی۔اجلاس میں تعلیم و تربیت، دعوتی سرگرمیوں اور تنظیمی امور کو مزید مؤثر، منظم اور فعال بنانے کے لیے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ شرکاء نے موجودہ حالات کے تناظر میں دعوتی و تعلیمی کام کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ تعلیم و دعوت اسلامی انقلاب کی بنیادی اساس ہیں۔انفرادی کردار سازی، صالح معاشرے کی تشکیل اور اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے تعلیمی و دعوتی سرگرمیوں کو ہر سطح پر مضبوط اور مؤثر بنانا ناگزیر ہے۔انہوں نے تمام ضلعی ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں تعلیم، تربیت اور دعوت کے کام کو مزید تیز کریں، منظم منصوبہ بندی اختیار کریں اور نوجوانوں، طلبہ، اساتذہ، تعلیمی اداروں اور معاشرے کے مختلف طبقات تک اسلامی دعوت کو مؤثر انداز میں پہنچانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز سے ادا کریں۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہوراظہر بلال نے بھی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تعلیمی و دعوتی سرگرمیوں میں باہمی رابطے، تنظیمی ہم آہنگی اور مؤثر منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں صدر شعبہ تعلیم جماعت اسلامی لاہورڈاکٹر محمود احمد،ڈائریکٹر ایجوکیشن الخدمت مہر سعید اختر، شعبہ تعلیم و تحقیق تنظیم اساتذہ پنجاب کے ذمہ دار وقار احمد، جبکہ شہباز امتیاز، ڈاکٹر احمد شیر اعوان، اطہر محمود، مشتاق احمد حقانی، مبشر احمد صدیقی، ڈاکٹر ممتاز احمد سمیت دیگر ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جماعت اسلامی لاہور تعلیم، تربیت اور دعوت کے شعبوں کو مزید فعال، منظم اور مؤثر بنا کر معاشرے میں مثبت، تعمیری اور اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید تیز کرے گی۔