
لاہور (عمرحیات چوہدری)امیر جماعتِ اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے سابق امیر جماعتِ اسلامی پاکستان قاضی حسین احمدؒ کے یومِ وفات کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ قاضی حسین احمدؒ محض ایک سیاسی رہنما نہیں بلکہ ایک ہمہ گیر نظریہ، مضبوط تحریک اور مسلسل جدوجہدکی علامت تھے۔ ان کی پوری زندگی دین کی سربلندی، جمہوری اقدار کے فروغ اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے وقف رہی۔انہوں نے کہا کہ قاضی حسین احمدؒ ایک انقلابی قیادت کے حامل رہنما تھے جنہوں نے آمریت، جبر اور ناانصافی کے خلاف ہمیشہ جرأت مندانہ موقف اختیار کیا۔ وہ حق گوئی، اصول پسندی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی جدوجہد پر یقین رکھتے تھے۔ ان کی سیاست اقتدار کے حصول کے بجائے عوامی خدمت اور اسلامی اقدار کے نفاذ کے گرد گھومتی تھی۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ قاضی حسین احمدؒ عالمِ اسلام میں اتحادِ امت کے سچے داعی تھے۔ فلسطین، کشمیر اور دیگر مظلوم اقوام کے لیے ان کی آواز پوری دنیا میں گونجتی رہی۔ وہ ایک باوقار، مدبر اور متحرک رہنما تھے جو پارے کی مانند ہمیشہ حرکت میں رہتے اور امتِ مسلمہ کو یکجا کرنے کے لیے کوشاں رہتے تھے۔انہوں نے کہا کہ قاضی حسین احمدؒ کے افکار، کردار اور سیاسی جدوجہد آج بھی جماعتِ اسلامی کے کارکنان، نوجوان نسل اور پوری قوم کے لیےمشعلِ راہ ہیں۔ ان کی دیانت، سادگی اور عوام سے گہرا تعلق ایک مثالی قیادت کی روشن مثال ہے۔امیر جماعتِ اسلامی لاہور نے کہا کہ قاضی حسین احمدؒ کی جدوجہد ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ حق اور انصاف کی راہ میں مشکلات کے باوجود ثابت قدمی ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کا مشن آنے والی نسلیں آگے بڑھاتی رہیں گی۔