18

سپر لانگ مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں لاہور بھر میں روڈ کارواں ریلیاں

لاہور:(عمرحیات چوہدری)جماعت اسلامی لاہور کے زیرِ اہتمام سپر لانگ مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں شہر بھر کے مختلف علاقوں میں روڈ کارواں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر کارکنان، نوجوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
منصورہ، گرین ٹاؤن، مسلم ٹاؤن موڑ، کینال روڈ سمیت لاہور کے مختلف علاقوں اور اضلاع میں روڈ کارواں ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلیوں میں جماعت اسلامی کے ضلعی و مقامی ذمہ داران سمیت کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔
ضلع جنوبی لاہور کے امیر مرزا عبدالرشید نے مختلف ریلیوں میں شرکت کی، جبکہ محمد ساجد خان، وقاص احمد بٹ، شیخ بشارت علی، انجینئر احمد سلمان سمیت دیگر ذمہ داران اور کارکنان بھی شریک ہوئے۔
جماعت اسلامی غربی لاہور کے نائب امیر ظہور احمد وٹو اور جماعت اسلامی لاہور کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عبدالعزیز عابد نے بھی روڈ کارواں میں شرکت کی۔ ضلع شرقی کے امیر میاں خیبر نذیر سمیت بڑی تعداد میں نوجوانوں، شہریوں اور جماعت اسلامی کے کارکنان نے بھی ریلیوں میں شرکت کی۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ آج سے کراچی سے ٹرین مارچ کے آغاز کے ساتھ شروع ہونے والا یہ سفر اسلامی انقلاب کی بنیاد ثابت ہوگا۔ خالصتاً عوام کے حقوق کے لیے صرف جماعت اسلامی آواز اٹھاتی ہی نہیں بلکہ عملی جدوجہد بھی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہزار روپے تک پٹرول کی قیمت پہنچنے کی باتیں کرنے والے وزراء ہوش کے ناخن لیں۔ عوام پہلے ہی مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔
ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے واضح کیا کہ سپر لانگ مارچ پٹرول بھتہ لیوی کے خاتمے کے لیے ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں مارچ میں شریک ہو کر اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کریں۔
امیر جماعت اسلامی لاہور نے کہا کہ لاہور میں مارچ کا فقیدالمثال استقبال کیا جائے گا اور ہزاروں افراد یہاں سے مارچ میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو پٹرول لیوی ختم کرنا ہوگی، بصورتِ دیگر حکومت کو عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
جماعت اسلامی لاہور کے زیرِ اہتمام شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی ان ریلیوں میں کارکنان نے سپر لانگ مارچ کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم بھی جاری رکھی اور شہریوں کو مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں