احتجاج کی قیادت لیاقت بلوچ ، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ ، اظہر بلال ، مرزا عبدالرشید نے کی ۔
قائدین کا مظاہرین سے خطاب اور سندھ حکومت اور پولیس کی فسطائیت کی بھر پور مزمت ۔
لاہور (عمرحیات چوہدری) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر ملک گیر احتجاجی سلسلے کے تحت لاہور کے جنوبی علاقوں میں بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ یہ احتجاج کراچی میں سندھ اسمبلی کے باہر پُرامن مظاہرین پر مبینہ پولیس تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف ریکارڈ کرایا گیا۔ مظاہرے کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری، امیر جنوبی لاہور مرزا عبدالرشید اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال نے کی، جبکہ کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کراچی میں مبینہ ریاستی جبر کے خلاف نعرے درج تھے۔ لیاقت بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی کے شہری اپنے بنیادی حقوق اور بلدیاتی مسائل کے حل کے لیے سڑکوں پر نکلے تھے، مگر ان کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج کو طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کا انتظامی ڈھانچہ عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ہو چکا ہے اور مسائل کے حل کے بجائے آواز اٹھانے والوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ہر سطح پر کراچی کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور آئینی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا آئینی اور قانونی حق ہے، جسے طاقت کے ذریعے سلب نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے پرامن دھرنے کے شرکاء پر مبینہ پولیس تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری معاشروں میں اختلافِ رائے کو برداشت کیا جاتا ہے اور طاقت کا استعمال مسائل کا حل نہیں بلکہ مزید پیچیدگیوں کا سبب بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ظلم اور ناانصافی کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی ۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور وہاں کے شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر شہری اپنے حقوق کے لیے نکلتے ہیں تو انہیں تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے، نہ کہ ان پر مقدمات قائم کیے جائیں۔انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ منظم اور پُرامن انداز میں اپنی جدوجہد جاری رکھیں اور جمہوری طریقے سے مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کرتے رہیں۔ امیر جنوبی لاہور مرزا عبدالرشید نے کہا کہ کراچی کے عوام طویل عرصے سے بلدیاتی مسائل، پانی کی قلت، ٹوٹی سڑکوں اور دیگر شہری مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کے بجائے طاقت کا استعمال قابل افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی ایک پُرامن، جمہوریت پسند جماعت ہے جو آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے عوامی حقوق کی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔
