دیانتدار قیادت کے بغیر ملک کو بحرانوں سے نہیں نکالا جا سکتا۔
ملک میں جمہوریت کمزور اور شخصی حکمرانی کا رجحان مضبوط ہو چکا ہے۔
پاکستان کو دیانتدار، باکردار اور عوامی امنگوں کی حقیقی ترجمان قیادت کی ضرورت ہے ۔
امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ افطار ڈنر تقریب سے خطاب
لاہور) عمرحیات چوہدری) امیر جماعت اسلامی لاہورضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے افطار ڈنر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکمران امریکی غلامی میں قومی خودمختاری اور وقار کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ملک میں جمہوریت کمزور اور شخصی حکمرانی کا رجحان مضبوط ہو چکا ہے، جس کے باعث عوامی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دیانتدار، باکردار اور عوامی امنگوں کی حقیقی ترجمان قیادت کی اشد ضرورت ہے تاکہ اسے فلاحی اور منصفانہ ریاست بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں بادشاہت یا موروثی سیاست کا نظام ہرگز قبول نہیں کرے گی اور آئین و قانون کی بالادستی، شفاف احتساب اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے کہا کہ لاہور کے گلی کوچے آج بھی گندگی، ٹوٹ پھوٹ اور بنیادی سہولیات کی کمی کا شکار ہیں، مگر چند مخصوص سڑکوں اور نمائشی منصوبوں کی تشہیر کو ترقی کا نام دیا جا رہا ہے۔ نئے منصوبوں کے رسمی افتتاح اور اشتہاری مہمات سے عوام کو کوئی حقیقی فائدہ نہیں پہنچ رہا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت نمائشی اقدامات کے بجائے بنیادی مسائل کے مستقل حل پر توجہ دے۔انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک ہمیں دیانت، عدل اور خدمتِ خلق کا درس دیتا ہے۔ اگر حکمران طبقہ ان اصولوں کو اپنائے تو ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے۔ نظام کی جامع اور حقیقی تبدیلی ہی ملک و قوم کو درپیش مسائل سے نجات کا واحد راستہ ہے۔
