7

رمضان المبارک نیکیوں اور رحمتوں کا موسمِ بہار ہے۔معاشرے میں اخوت، ہمدردی اور ایثار کو فروغ دینے کی ضرورت ہے


رمضان المبارک میں صاحبِ حیثیت افراد مستحقین کی دل کھول کر مدد کریں۔
امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ افطار ڈنر تقریب سے خطاب

لاہور(عمرحیات چوہدری)امیر جماعت اسلامی لاہورضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک نیکیوں، برکتوں اور مغفرت کا عظیم مہینہ ہے جو ہمیں تقویٰ، صبر اور ایثار کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلع غربی کے صدر سیاسی امور ظہور احمد وٹو کی رہائشگاہ پر اہلِ علاقہ کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا اصل پیغام بھائی چارے، محبت اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہے۔ معاشرے میں بڑھتی ہوئی معاشی مشکلات کے پیشِ نظر ضروری ہے کہ ہم عبادات کے ساتھ ساتھ غرباء، مساکین، سفید پوش خاندانوں اور اپنے قریبی رشتہ داروں کا بھی خصوصی خیال رکھیں۔ ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہیے کہ ہمارے دسترخوان سجے ہوں جبکہ ہمارا ہمسایہ سحری و افطار کی بنیادی ضروریات سے محروم ہو۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے زور دیا کہ صاحبِ استطاعت افراد دل کھول کر مستحقین کی مدد کریں اور اپنے اردگرد کے حالات سے باخبر رہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کو اپنی اصلاح اور سماجی خدمت کا ذریعہ بنائیں تاکہ ایک فلاحی اور بااخلاق معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔تقریب میں رہنما جماعت اسلامی عبدالعزیز عابد، خواجہ وسیم سمیت اہلِ علاقہ کے نوجوانوں، بزرگوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور باہمی اتحاد و خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں