لاہور (عمرحیات چوہدری):جماعت اسلامی لاہور کی پبلک ایڈ کمیٹی کے زیرِ اہتمام جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی ایک اہم کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں شہر میں سٹریٹ ڈاگ کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ان سے جڑے مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کے پیش کردہ آٹھ نکاتی ایجنڈے پر مکمل اتفاقِ رائے کا اظہار کیا گیا۔کانفرنس کی صدارت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری نے کی، جبکہ صدر پبلک ایڈ کمیٹی قیصر شریف اور سیکرٹری پبلک ایڈ کمیٹی شاہد نوید ملک سمیت مختلف این جی اوز کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔کانفرنس میں ایڈووکیٹ التمش سعید اور ایڈووکیٹ میاں احمد فاروق انوائرمنٹل اینڈ اینیمل رائٹس کنسلٹنٹس پاکستان،ڈاکٹر آمنہ عبید خواجہ ایل سی ڈبلیو یو اینیمل ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن سوسائٹی،ڈاکٹر بلال پنجاب پولیس اینیمل ریسکیو سینٹر،فریحہ اسٹورمز ہارٹ ریسکیو،صدر رفلز اینیمل ویلفیئر رجسٹری بشمول دو رکنی وفد،بیرسٹر معصومہ بخاری فرخندہ اینڈ شہرت بخاری فاؤنڈیشن، بشمول دو رکنی وفد،عافیہ خان گیو اس لائف اینیمل ویلفیئر،موسیٰ شعیب ٹوڈز ویلفیئر سوسائٹی،سید محسن کمپری ہینسیو ڈیزاسٹر رسپانس سروسز اینیمل ویلفیئر بینجی پروجیکٹ شریک ہوئے ۔ یہ کانفرنس جماعت اسلامی کی جانب سے “سٹریٹ ڈاگز” کے حوالے سے جاری عوامی مہم کا ایک تسلسل ہے۔خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ اسلام ہمیں جانوروں کے ساتھ حسنِ سلوک کا درس دیتا ہے اور موجودہ دور میں آوارہ کتوں کو بے دردی سے تلف کرنا کوئی پائیدار حل نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سائنسی طریقوں جیسے کہ پکڑنا، بانجھ بنانا، ویکسین لگانا اور واپس چھوڑنا کو اپنا کر شہریوں کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے اور جانوروں کی آبادی کو بھی کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔این جی اوز کے نمائندگان نے جماعت اسلامی کے آٹھ نکات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ فیلڈ ورک اور فنی معاونت میں جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ کانفرنس کے اختتام پر مطالبہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ روایتی طریقے ترک کر کے پبلک ایڈ کمیٹی کی تجاویز پر عملدرآمد کرے۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ شہریوں کے تحفظ اور جانوروں کے حقوق کے درمیان توازن برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
