10

توانائی بحران کا مستقل حل آئی پی پیز سے یکطرفہ اور مہنگے معاہدوں کے فوری خاتمے میں ہے۔


ملک میں سولرائزیشن کا بڑھتا ہوا رجحان حکومتی نااہلی اور بجلی کی ناقابل برداشت قیمتوں کا براہ راست نتیجہ ہے۔
توانائی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر بلاخوف و تردد سفارتی پیش رفت اور تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے۔
بجٹ 2026ء میں پسے ہوئے طبقات کو حقیقی معاشی ریلیف نہ ملا تو جماعت اسلامی سڑکوں پر عوامی حقوق کی جدوجہد کی قیادت کرے گی۔
امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ

لاہور (عمرحیات چوہدری)امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے صوبائی دارالحکومت میں مختلف عوامی و تنظیمی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک کے سنگین پاور سیکٹر بحران پر گہری تشویش کا اظہار کہا کہ قومی معیشت اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے نجی بجلی گھروں آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے ظالمانہ اور یکطرفہ معاہدوں کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔ اب یہ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہرگز نہیں ہے کہ ان عوام دشمن معاہدوں کے تسلسل کو مزید برقرار رکھ کر قومی خزانے کو دیمک کی طرح چاٹنے کی اجازت دی جائے۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملک بھر میں بڑے پیمانے پر سولرائزیشن کی طرف بڑھتا ہوا عوامی رجحان دراصل بجلی کے کمر توڑ ٹیرف اور بالواسطہ ٹیکسوں کی بھرمار کا شاخسانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر کا موجودہ بدترین ڈھانچہ صرف اور صرف حکومتی نااہلی، بدانتظامی اور ناقص منصوبہ بندی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔امیر لاہور نے مزید کہاکہ پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں پے در پے ہوش ربا اضافے، بے لگام مہنگائی، بے روزگاری اور حالیہ “سمارٹ لاک ڈاؤن” کے نفاذ نے عوام کو معاشی طور پر مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ عام شہری سے لے کر چھوٹے بڑے تاجروں تک، معاشرے کا ہر پیداواری طبقہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں سے شدید نالاں اور سراپا احتجاج ہے۔موجودہ حکمرانوں کے تمام تر نام نہاد ترقیاتی منصوبے محض اخبارات کے اشتہاروں اور فیتہ کاٹنے کی حد تک محدود ہیں، جبکہ زمینی حقائق پر کارکردگی صفر ہے۔ اس ظالمانہ اور استحصالی نظام نے غریب اور سفید پوش طبقے کے لیے صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات تو خواب بنا ہی دی ہیں، اب صورتحال یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا بندوبست کرنا بھی محال ہو چکا ہے۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ توانائی کے بحران پر پائیدار قابو پانے کے لیے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر فعال کیا جائے اور اس پر التوا کا شکار کام فوری شروع کیا جائے۔ امیر لاہور نے کہاکہ جب ریاست اپنے مفادات کے لیے دور دراز ممالک سے تیل خرید سکتی ہے تو پڑوسی ملک ایران اور برادر عرب ممالک سے سستے داموں پیٹرولیم مصنوعات کے حصول میں کون سی سفارتی یا سیاسی مصلحتیں آڑے آ رہی ہیں؟ قوم کو بتایا جائے ۔ امیر جماعت اسلامی لاہور نے آئندہ مالیاتی بجٹ کے حوالے سے حکومت سے مطالبہ کرتےہوئے کہا کہ اگر بجٹ 2026ء میں غریب، متوسط طبقے اور تاجر برادری کو حقیقی اور ٹھوس معاشی ریلیف فراہم نہ کیا گیا، تو جماعت اسلامی مظلوم عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے صفِ اول میں کھڑی نظر آئے گی۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے عوامِ پاکستان سے درمندانہ اپیل کی کہ وہ ملک کو اس کرپٹ، موروثی اور استحصالی نظام سے نجات دلانے کے لیے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کا بھرپور ساتھ دیں اور جماعت اسلامی کی جاری ملک گیر عوامی جدوجہد کا دست و بازو بنیں۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی ملک میں حقیقی عدل، سماجی انصاف، میرٹ کی بالادستی اور عام آدمی کے آئینی و معاشی حقوق کی بحالی تک اپنی پرامن اور جمہوری جدوجہد سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں