
لاہور (نیوز ڈیسک) امریکی فوج نے ایک بار پھر ایران کے خلاف نئے حملوں کا آغاز کر دیا ہے امریکی سینٹرل کمانڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اس کی افواج نے ایران کے خلاف “طاقتور حملوں کا سلسلہ” شروع کر دیا ہے تاکہ بین الاقوامی آبی گزرگاہ میں معصوم شہریوں پر مشتمل تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی بھاری قیمت وصول کی جا سکے۔ سینٹکام کے مطابق یہ حملے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے 3 تجارتی جہازوں پر ایران کے مبینہ حملوں کے جواب میں کیے جا رہے ہیں بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران کی جانب سے مبینہ جارحیت بلاجواز، خطرناک اور جنگ بندی کی واضح خلاف ورزی تھی دوسری جانب پاسداران انقلاب نے امریکی ایم کیو9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے، پاسداران انقلاب کے مطابق بحرین اور کویت میں 85 امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ کویتی میڈیا کے مطابق کویت میں خطرے کے سائرن بجا دیئے گئے، کویتی افواج کا کہنا ہے کہ دفاعی نظام میزائلوں اور ڈرونز حملوں کا مقابلہ کر رہا ہے۔ علاوہ ازیں ایرانی اسپیکر محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ امریکا نے مفاہمتی یادداشت کی سنگین خلاف ورزی کی ہے، ایران پر امریکی حملے، تیل پر دوبارہ پابندیاں، مزید حملوں کی دھمکیاں، آبنائے ہرمز میں ایرانی اقدامات کی خلاف ورزیاں اور لبنان پر اسرائیلی حملے معاہدے کی خلاف ورزی ہیں۔