مرکزی ملزم عاطف زمان کو دو مرتبہ سزائے موت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا
عدالت نے 7 سال بعد اینکر پرسن مرید عباس قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا

کراچی کی مقامی عدالت نے ٹی وی اینکر مرید عباس اور خضر حیات کے قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم عاطف زمان کو دو بار سزائے موت سنادی، یہ فیصلہ وقوعے کے ٹھیک 7 سال بعد سنایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے ملزمان کے خلاف پیش کیے گئے ٹھوس شواہد، تمام دلائل اور ریکارڈ کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد مرکزی ملزم عاطف زمان کو قتل کا ذمہ دار قرار دیا، عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عاطف زمان کو دو افراد کے قتل کے جرم میں دو بار سزائے موت دینے کے ساتھ ساتھ 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی جاتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کیس میں شریک دوسرے ملزم عادل زمان کے حوالے سے عدالت نے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں، عدالت نے قرار دیا کہ عادل زمان ضمانت مسترد ہونے کے بعد فرار ہو گیا تھا، جس پر ٹرائل کورٹ نے اسے پہلے ہی اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔
واضح رہے کہ یہ اندوہناک اور ہائی پروفائل واقعہ 9 جولائی 2019ء کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پیش آیا تھا، جہاں کاروباری لین دین کے تنازعہ پر ٹی وی اینکر مرید عباس اور ان کے ساتھی خضر حیات کو ملزم عاطف زمان اور اس کے بھائی عادل زمان نے فائرنگ کر کے بے دردی سے قتل کر دیا تھا، عدالت نے وقوعے کے تقریباً 7 سال بعد اس کیس کا حتمی فیصلہ سنایا ہے۔