23

پٹرولیم مصنوعات، آئی پی پیز، بجلی، آٹا اور ایل پی جی مافیاز کے خلاف جماعت اسلامی لاہور کا بھرپور احتجاج

پیٹرولیم لیوی سمیت تمام ظالمانہ ٹیکس ختم، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس اور عوام کو فوری ریلیف دیا جائے: ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ

پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر پر تین سال کے لیے منجمد کی جائے، حکومت مہنگائی کے طوفان کو روکنے میں ناکام ہو چکی ہے

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام اچھرہ، فیروزپور روڈ پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، آئی پی پیز کی مبینہ سہولت کاری، بجلی کے نرخوں میں اضافے، آٹا و ایل پی جی مافیاز اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی، جبکہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے شرکاء سے خصوصی خطاب کیا۔ احتجاج میں سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال ، نائب امراء خالد احمد بٹ، انجینئر اخلاق احمد، چوہدری محمد شوکت، ملک شاہد اسلم اور وقاص احمد بٹ ، صدر جے آئی یوتھ لاہور جبران بٹ، ڈپٹی سیکرٹری لاہور عامر نثار خان، شاہد نوید ملک، امیر جنوبی لاہور مرزا عبدالرشید*، رہنما جماعت اسلامی احمد سلمان بلوچ، سردار نور احمد ڈوگر، شیخ محمد انور اور زاہد عمران کوروٹانہ سمیت کارکنوں، تاجروں، نوجوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شرکاء نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی سمیت تمام ٹیکسوں کے خاتمے، بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو فوری واپس لینے، آٹا اور ایل پی جی کی مصنوعی مہنگائی کے ذمہ دار عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر پر آئندہ تین سال کے لیے منجمد کی جائے تاکہ مہنگائی پر قابو پایا جا سکے اور معیشت کو استحکام ملے ۔احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ملکی معیشت اور عام آدمی دونوں کے لیے تباہ کن ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے صرف ایندھن ہی نہیں بلکہ ہر شے کی قیمت بڑھ جاتی ہے، جس کا براہ راست بوجھ غریب اور متوسط طبقے پر پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹرول پر عائد لیوی کا خاتمہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کر سکتا ہے، جبکہ جنگی حالات کے خاتمے کے باوجود عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ پاکستانی عوام تک منتقل نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں سابقہ سطح پر لائے اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلائے۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے مفاد کے بجائے آئی پی پیز کو فائدہ پہنچانے کے لیے کیا جا رہا ہے، جبکہ آٹا اور ایل پی جی مافیا کھلے عام مصنوعی مہنگائی پیدا کرکے شہریوں کا استحصال کر رہا ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ مقررہ نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنائے اور ذخیرہ اندوزوں و منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ نوجوانوں کو روزگار، سہولتیں اور معاشی مواقع فراہم کرنے کے بجائے انہیں ٹیکسوں اور مہنگائی کے بوجھ تلے دبایا جا رہا ہے، جبکہ عوامی مسائل کے حل پر سنجیدگی دکھائی نہیں دے رہی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی لاہور، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں عوامی حقوق کے حصول کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اگر حکومت نے عوامی مطالبات تسلیم نہ کیے تو احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی اور اہلِ لاہور اسلام آباد سمیت ہر سطح پر پرامن عوامی جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں