نااہل حکمرانوں کا عوامی احتجاج کو نظر انداز کرنا حکومت کے لیے مہنگا پڑ سکتا ہے۔
مہنگائی، بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عام آدمی کے لیے معاشی بدحالی کا سبب بن چکا ہے۔
امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو حکومت کا “عوام دشمن فیصلہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ایک ہفتے کے دوران پٹرول پر عائد لیوی میں 15 فیصد اضافہ کر کے عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔ عوام پہلے ہی مہنگی بجلی، لوڈشیڈنگ، مہنگے آٹے، ایل پی جی اور روزمرہ استعمال کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ مہنگائی، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عام آدمی کے لیے معاشی بدحالی اور پریشانی کا سبب بن چکا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی نہ کی تو عوامی ردعمل میں مزید شدت آ سکتی ہے اور عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی حکومت کی ان پالیسیوں کے خلاف عوام کو منظم کر رہی ہے۔ ان کے بقول عوامی احتجاج کو نظر انداز کرنے والی حکومت اندھے اور بہرے پن کا مظاہرہ کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں احتجاج، دھرنوں، شٹر ڈاؤن، پہیہ جام اور لانگ مارچ کی تحریک زور پکڑ سکتی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی حکومت کی مبینہ عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں پوری قوم کو متحد ہو کر ملک میں اسلامی، فلاحی اور عوام دوست نظام کے قیام کے لیے جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دینا چاہیے۔