21

حکمرانوں کا جمہوری اصولوں سے انحراف مسائل کی بنیادی وجہ ہے۔


تیل کی سپلائی بلا تعطل یقینی بنائی جائے، مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

سیاسی مکالمہ ہی قومی بحرانوں کا حل ہے، لاہور کو مسائل سے پاک بنانے کے لیے جدوجہد مزید تیز کریں گے۔

جماعت اسلامی لاہور کے ذمہ داران کا اہم اجلاس، بلدیاتی انتخابات اور عوامی مسائل پر اہم فیصلے، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کا خطاب

لاہور:سید مودودی اسلامک سنٹر میں جماعت اسلامی لاہور کے ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس امیر جماعت اسلامی لاہورضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراء انجینئر اخلاق احمد، خالد احمد بٹ، ملک شاہد اسلم، چوہدری محمد شوکت، وقاص احمد بٹ، امرائے اضلاع، مختلف شعبہ جات کے صدور اور جے آئی یوتھ لاہور کے ذمہ داران نے شرکت کی۔اجلاس میں جماعت اسلامی لاہور کی تنظیمی سرگرمیوں، بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ شرکاء نے بلدیاتی الیکشن کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے، تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال بنانے اور عوامی رابطہ مہم کو مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ جماعت اسلامی لاہور کے آئندہ اجتماعِ ارکان کے بڑے پروگرام کی تیاریوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں شہر بھر میں غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ، مارکیٹوں اور بازاروں میں خود ساختہ مہنگائی، شہریوں کو درپیش مشکلات اور انتظامی بے حسی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ شرکاء نے پٹرول پمپ مالکان کی جانب سے مصنوعی پٹرول بحران پیدا کرنے کی کوششوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس میں امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہ کیا جائے اور ملک بھر میں تیل کی سپلائی بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ شدید گرمی کے دوران شہری علاقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بندش، صفائی کے ناقص انتظامات اور شہری سہولیات کی خراب صورتحال پر بھی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکمرانوں کا جمہوری اصولوں سے انحراف ہی ملک کو درپیش مسائل کی بنیادی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بحرانوں سے نکلنے کے لیے سیاسی مکالمے کے ایک نئے دور کا آغاز ناگزیر ہے تاکہ قومی سطح پر اتفاق رائے پیدا ہو اور ملک کو سیاسی و معاشی استحکام حاصل ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ملک میں تیل کی سپلائی کو ہر صورت بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے فوری اقدامات کرے، مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور عوام کو مزید مہنگائی کے بوجھ سے بچایا جائے۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی لاہور شہری مسائل کے حل، عوامی حقوق کے تحفظ اور لاہور کو مسائل سے پاک بنانے کے لیے اپنی جدوجہد مزید تیز کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں