10

جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے انتخابات میں حکمرانوں کو عوام کی طاقت سے سرپرائز دے گی


الیکشن کمیشن پاکستان آزاد کشمیر کے انتخابات شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ بنانے کیلئے اقدامات کرے ۔

مسئلہ کشمیر کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، کشمیریوں کے ساتھ ناروا سلوک بند کیا جائے۔

امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ ، آزاد کشمیر اسمبلی کے امیدوار راجہ محمد سہیل دیگر ذمہ داران کی پریس کانفرنس

لاہور ( عمرحیات چوہدری ) امیر جماعت اسلامی لاہورضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں 12 انتخابی نشستوں پر ہونے والے انتخابات غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں، لہٰذا الیکشن کمیشن آزاد کشمیر آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنائے۔کشمیر میں حکمرانوں اور اسٹیبلشمنٹ کے رویے کے باعث وہاں علیحدگی پسند رجحانات کو تقویت مل رہی ہے، جو انتہائی تشویشناک امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتخابات میں دھاندلی یا عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو جماعت اسلامی کی مرکزی و مقامی قیادت کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور انداز میں کھڑی ہوگی۔ ان خیالات اظہار انہوں نے سید مودودی اسلامک سنٹر میں آزاد کشمیر اسمبلی کے امیدوار راجہ محمد سہیل اور دیگر ذمہ داران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ پریس کانفرنس سے آزاد کشمیر اسمبلی کے امیدوار راجہ محمد سہیل نے بھی خطاب کیاجبکہ انچارج انتخابی مہم آزادی کشمیر خالد احمد بٹ ، جموں ایل اے 34 و ن کے نگران عبد العزیز عابد ، غلام حسن بلوچ بھی موجود تھے ۔ ضیاء الدین انصاری ایڈؤوکیٹ نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے انتخابات میں مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور عوام کو مثبت سرپرائز دے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بلاول بھٹو زرداری سے سوال ہے کہ وہ آزاد کشمیر میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کی اجازت کس سے مانگ رہے ہیں، جبکہ وہاں آپ ہی حکومت پہلے ہی موجود ہے ۔اس موقع پر آزاد کشمیر اسمبلی کے امیدوار راجہ محمد سہیل نے کہا کہ جموں کے عوام آج بھی پینے کے صاف پانی سمیت بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جبکہ کئی بار اقتدار میں آنے والی جماعتیں عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے نمائندے عوام سے رابطہ برقرار نہیں رکھتے، جبکہ کشمیری عوام آج بھی اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔راجہ محمد سہیل نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، کشمیریوں کے ساتھ ناروا سلوک بند کیا جائے، اور انہیں ان کے بنیادی و جمہوری حقوق فراہم کیے جائیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام نے اعتماد کیا تو وہ کشمیری عوام کی خدمت، ان کے مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں