17

ڈی ایس ریلوے کی کھلی کچہری، متعدد شکایات کا موقع پر ازالہ کر دیا گیا

لاہور: ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور انعام اللہ نے کھلی کچہری اور ای کچہری میں ریلوے ملازمین سمیت عوامی شکایات سنیں۔ اس موقع پر متعدد شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کر دیا گیا جبکہ دیگر شکایات کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے گئے۔
کھلی اور ای کچہری میں موصول ہونے والی بیشتر شکایات کا تعلق ٹرانسفر و پوسٹنگ، ٹی ایل اے ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی اور دیگر واجبات سے متعلق تھا۔ ایک ملازم کی رکی ہوئی تنخواہ جاری کرانے کے حوالے سے بھی شکایت موصول ہوئی، جبکہ ایک ریلوے کوارٹر میں بجلی کی وائرنگ کی درستگی کے حوالے سے بھی شکایت سامنے آئے۔
ای کچہری میں سیالکوٹ ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ایک پر مزید پنکھوں کی دستیابی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق شکایت بھی زیرِ بحث آئی۔ علاوہ ازیں سیالکوٹ ریلوے کالونی کو پانی فراہم کرنے والا ٹیوب ویل خراب ہونے کے باعث اسے مرمت کرانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
اس موقع پر ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ نے کہا کہ ذاتی ہمدردی کے باوجود سرکاری امور قوانین اور قواعد و ضوابط کے مطابق ہی انجام دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محدود دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے زیادہ سے زیادہ مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام و ملازمین کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
کھلی کچہری میں ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر سیدہ مرضیہ زہرہ، ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر غلام مرتضیٰ، ڈپٹی ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ واصف اکرام، ڈویژنل مکینیکل انجینئر محمد عمران، اکاؤنٹس آفیسر محمد علیم، ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل افیئرز محمد بشارت اعوان کے علاوہ متعلقہ افسران اور عملہ بھی موجود تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں