7

لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور ممتاز تاجر تنظیموں کی جانب سے 3 ستمبر کی ہڑتال کی بھرپور حمایت کا باضابطہ اعلان

لاہور (عمرحیات چوہدری):امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے 3 ستمبر کی ملک گیر ہڑتال اور احتجاجی دھرنوں کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی سرگرمیاں انتہائی تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور شہر کی اہم تاجر تنظیموں کے سربراہان سے تفصیلی ملاقاتیں کیں اور مہنگائی و ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف 3 ستمبر کی ہڑتال کی بھرپور حمایت کی اپیل کی۔ان اہم ملاقاتوں کے نتیجے میں وکلاء برادری اور تاجر تنظیموں نے جماعت اسلامی کی کال پر لبیک کہتے ہوئے 3 ستمبر کی ہڑتال کی مکمل اور بلا مشروط حمایت کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر بابر مرتضیٰ خان، نائب صدر سہیل قیصر تارڑ، سیکرٹری قاسم اعجاز سمرا، فنانس سیکرٹری ملک علی رضا کھوکھر اور جوائنٹ سیکرٹری سمینہ بسرا نے 3 ستمبر کی ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال کو کامیاب بنانے کا اعلان کیا ہے۔تاجر برادری کی جانب سے بھی جماعت اسلامی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔ گنپت روڈ لاہور کے چیمبر ممبران و تاجر رہنماؤں شہزاد بھٹی، ملک احد امین اور خامس سعید بٹ، انارکلی کے تاجر رہنما شہزاد بھٹی اور اردو بازار سے تاجر رہنما باؤ بشیر نے 3 ستمبر کو کاروباری مراکزبند رکھنے اور ہڑتال کو کامیاب بنانے کا اعلان کیا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ 3 ستمبر کی ہڑتال اور احتجاجی دھرنے 25 کروڑ عوام کے بنیادی حقوق کی حقیقی ترجمانی ہیں۔ جماعت اسلامی اس وقت صرف اور صرف عوام کے حقوق اور انہیں معاشی ظلم سے نجات دلانے کے لیے سڑکوں پر موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام اپنے قائد حافظ نعیم الرحمن کی کال پر آگے بڑھیں اور ان کا ساتھ دیں، ان شاء اللہ حکومت مجبور ہو کر عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پٹرولیم لیوی، مہنگائی اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خاتمے تک یہ جدوجہد ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید تیز ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں