مہنگائی، بے روزگاری اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔
لاہور بھر میں دستخطی مہم میں لاکھوں افراد کی شرکت حکومتی پالیسیوں کے خلاف عوامی ردعمل ہے۔
پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی لاہور کا پریس کلب کے باہر دھرنا، حکومت کو اسلام آباد مارچ کی وارننگ
نائب امیر جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ ، سیکرٹری اظہر بلال سمیت دیگر قائدین کا پریس کلب لاہور کے باہر احتجاجی دھرنے سے خطاب
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کے تیسرے مرحلے کے آغاز پر جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ دھرنے کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ ، سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال و دیگر نے کی، جبکہ جماعت اسلامی لاہور کے دیگر قائدین اظہر بلال، خالد احمد بٹ، جبران بٹ اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔احتجاجی دھرنے میں شریک مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا کر پیٹرولیم لیوی کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کیا اور مہنگائی، بے روزگاری اور حکومت کی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ دھرنے میں جماعت اسلامی لاہور کے نائب امراء انجینئر اخلاق احمد، چوہدری محمد شوکت اور ملک شاہد اسلم نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹریز جماعت اسلامی لاہور عامر نثار خان، راشد داؤد، عبدالعزیز عابد اور مرزا شعیب یعقوب بھی موجود تھے۔ جے آئی یوتھ لاہور کے صدر جبران بٹ، سیکرٹریز، امرائے اضلاع، جماعت اسلامی کے ذمہ داران، کارکنان، نوجوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے دھرنے میں شرکت کی۔
قائدین نے شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو جماعت اسلامی اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کرے گی۔ اہل لاہور قائد حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں اسلام آباد جانے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور بھر میں دستخطی مہم کے دوران لاکھوں افراد کی شرکت حکومتی پالیسیوں کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد خالصتاً عوام کے حقوق کے لیے ہے۔ پاکستان میں تمام سیاسی جماعتیں مفادات کی سیاست کر رہی ہیں، جبکہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے لیے میدان میں موجود ہے۔ حکومت عوام کے حقوق سلب کر رہی ہے اور موجودہ حالات میں غریب آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا مشکل ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، ایل پی جی عوام کی پہنچ سے دور ہو چکی ہے، جبکہ بجلی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ آٹا، چینی، دالیں، سبزیاں، بجلی، گیس اور ٹرانسپورٹ کے بڑھتے ہوئے اخراجات نے غریب اور متوسط طبقے کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ریلیف کے دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ محض وعدوں اور عارضی ریلیف سے عوام کے دیرینہ مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے اور پیٹرولیم لیوی کو مکمل ختم کرے اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک بھر کے ڈیڑھ سو شہروں میں بیک وقت احتجاجی مظاہرے اور دھرنے جاری ہیں، جو جماعت اسلامی کی ملک گیر احتجاجی تحریک اور اس کی اسٹریٹ پاور کا مظاہرہ ہیں۔ اگر جماعت اسلامی اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کرتی ہے تو ملک بھر کے کونے کونے سے عوام وفاقی دارالحکومت پہنچیں گے۔جماعت اسلامی لاہور کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر کی جائے ، حکمرانوں کی مراعات ختم کی جائیں ، حکمرانوں اور بیروکریسی کی عیاشیاں ختم کی جائیں ، طلبہ بائیک رائیڈرز اور غریب عوام سے لیوی کی مد میں بھتہ لینا بند کیا جائے ۔ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے
