13

ڈی ایس ریلوے انعام اللہ چیف آرکیٹیکٹ آرکیالوجی گورنمنٹ آف پنجاب ثانیہ افضل کے ہمراہ لاہور ریلوے اسٹیشن کا دورہ کر رہے ہیں



آرکیٹیکچرل اور آثارِ قدیمہ کے نقطۂ نظر سے اسٹیشن کی خوبصورتی میں مزید اضافے کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔

لاہور (عمرحیات چوہدری) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی کاوشوں کے نتیجے میں  آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ پنجاب  کے تعاون سے لاہور ریلوے اسٹیشن کی اصل حالت میں بحالی کے لیے کوششیں تیز، جس کے نتیجے میں  ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن انعام اللہ نے چیف آرکیٹیکٹ آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ آف پنجاب ثانیہ افضل کے ہمراہ لاہور ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران لاہور ریلوے اسٹیشن کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے آرکیٹیکچرل اور آثارِ قدیمہ کے نقطۂ نظر سے اپنی اصل تاریخی حالت میں بحال کرنے اور اس کی خوبصورتی میں مزید اضافے کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر اسٹیشن کی آوٹ لک اور بالخصوص پلیٹ فارم نمبر 2، 4 اور 5 کی تاریخی طرزِ تعمیر اور اصل آرکیٹیکچرل ساخت کو برقرار رکھتے ہوئے بحالی، تزئین و آرائش اور خوبصورتی کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اس حوالے سے آثارِ قدیمہ کے اصولوں کے مطابق مفید تجاویز اور سفارشات پر بھی گفتگو کی گئی۔
ڈی ایس ریلوے لاہور انعام اللہ نے محکمہ آثارِ قدیمہ کی چیف آرکیٹیکٹ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام مراحل میں محکمہ آثارِ قدیمہ کی ٹیم کے ساتھ مؤثر کوآرڈینیشن یقینی بنایا جائے تاکہ لاہور ریلوے اسٹیشن کے تاریخی ورثے کو محفوظ رکھتے ہوئے اس کی اصل خوبصورتی بحال کی جا سکے۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ انفراسٹرکچر قاضی جواد احمد، ڈویژنل الیکٹریکل انجینئر محمد ناصر، ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر فرحت عباس فخری، ڈویژنل سگنل اینڈ ٹیلی کام انجینئر ندیم اقبال خٹک سمیت دیگر افسران اور متعلقہ عملہ بھی موجود تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں