3

روگ بنتی لائف اسٹائل اور ہمارا صحت کا بحران
  تحریر: شبیر حسین


ہم ایک ایسے دور میں زندگی بسر کر رہے ہیں جہاں ترقی اور جدت کی اندھی دوڑ نے ہمیں مادی آسائشیں تو بہت دے دی ہیں، مگر بدلے میں ہماری صحت، تندرستی اور قدرتی طرزِ زندگی کا جنازہ نکال دیا ہے۔ ذرا ماضی کی دھند میں جھانک کر دیکھیں اور آج کے تلخ زمینی حقائق کا موازنہ کریں تو معلوم ہوگا کہ ہم نے خود اپنے ہاتھوں اپنی نسلوں کے لیے بیماریوں کا ایک ایسا جال بن لیا ہے، جس سے نکلنا اب محال ہوتا جا رہا ہے۔
تاریخ کا سفر اور بدلا ہوا طرزِ زندگی
اگر ہم انیسویں صدی کے آخر اور بیسویں صدی کے آغاز کا دور دیکھیں، تو اس وقت کے انسان کی خوراک خالص، سادہ اور قدرتی تھی۔ وہ شکر اور گڑ کا استعمال کرتے تھے، جس سے شوگر جیسی بیماریاں نایاب تھیں۔ پھر 1930ء سے 1950ء کا وہ دور آیا جب لوگ خالص دیسی گھی استعمال کرتے تھے۔ تب دل کے امراض اور ہارٹ اٹیک کا تصور بھی نہیں تھا، اور انسان تندرست و توانا رہتا تھا۔لیکن جیسے ہی 1960ء کی دہائی کے بعد لسی، ستو اور قدرتی مشروبات کا رواج ختم ہوا اور ان کی جگہ مصنوعی کولڈ ڈرنکس اور پیکڈ جوسز نے لی، ہمارے معدے اور اندرونی نظامِ ہضم کی بربادی کا سفر شروع ہو گیا۔آج صورتحال یہ ہے کہ ہماری خوراک کی بنیاد ملٹی نیشنل کمپنیوں کی تیار کردہ اشیاء پر ٹک چکی ہے۔ ہمارے چولہے اب دیسی گھی اور خالص چیزوں سے محروم ہو چکے ہیں اور ان کی جگہ ریفائنڈ آئل، پراسیسڈ فوڈ، اور کیمیکل زدہ مصنوعی کھانوں نے لے لی ہے۔اس تباہی کا ایک بڑا ذمہ دار ہمارا تجارتی نظام اور معاشی پالیسیاں بھی ہیں۔ اعداد و شمار اس دردناک حقیقت کی گواہی دیتے ہیں:پاکستان میں سالانہ شوگر کی کھپت لاکھوں ٹن تک پہنچ چکی ہے۔گنے کی فصل اور شوگر ملز کا گٹھ جوڑ ایسا ہے کہ چند کاروباری ادارے تو اربوں پتی بن جاتے ہیں، مگر کسان کو اپنی محنت کا مناسب صلہ نہیں ملتا۔
کمزور زرعی پالیسیوں کے باعث کسان اور عام عوام غربت، قرضوں اور نتیجتاً بیماریوں کی دلدل میں دھنستے چلے جا رہے ہیں۔
میڈیکل مافیا اور بیماریوں کا تجارتی زوال آج شوگر، ہائی بلڈ پریشر، کینسر، گردے کے امراض، جوڑوں کا درد، اور یادداشت کی کمزوری جیسی بیماریاں ہر گھر کا قصہ بن چکی ہیں۔ ایک کلو گرام چینی میں موجود کیلوریز اور کیمیکلز انسان کو اندرونی اعضاء تک کھوکھلا کر رہے ہیں۔ہر گزرتے سال کے ساتھ شوگر اور بلڈ پریشر کے مریضوں کی تعداد میں لاکھوں کا اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان میں اس وقت کروڑوں افراد ان امراض میں مبتلا ہیں، جن کی ادویات پر اربوں روپے خرچ ہو رہے ہیں۔ ہسپتالوں کے چکر، مہنگے ٹیسٹ، ڈاکٹروں کی بھاری فیسیں اور میڈیکل مافیا کی لوٹ مار نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔ غریب کی زندگی اب صرف دواؤں کی خریداری اور ہسپتالوں کی دہلیز کے گرد گھومتی ہے۔
یہ حقائق اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں کہ ہم نے اپنی تہذیب، اپنی خالص خوراک اور اپنے قدرتی طریقوں کو چھوڑ کر اندھی تقلید میں زہر کو گلے لگا لیا ہے۔ اگر اب بھی ہوش کے ناخن نہ لیے گئے اور خالص دیسی کھانوں، قدرتی اجزاء اور کسان دوست پالیسیوں کی طرف واپسی کا سفر شروع نہ کیا گیا، تو آنے والی نسلیں صحت مند انسانوں کی بجائے ہسپتالوں کے بستروں پر سسکتی ہوئی ایک لاچار قوم بن کر رہ جائیں گی۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اس خاموش ناسور کے خلاف آواز بلند کی جائے، ملاوٹ مافیا کا خاتمہ کیا جائے، اور اپنی آنے والی نسلوں کو کیمیکل اور چینی کی غلامی سے آزاد کرایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں