تحریر: فرخ ریاض بٹ
قائد اعظم محمد علی جناح کاپاکستان اس وقت جس معاشی، سیاسی اور انتظامی بحران سے گزر رہا ہے، اس کی سب سے بھاری قیمت اس ملک کا غریب اور متوسط طبقہ ادا کر رہا ہے۔ مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، بجلی اور گیس کے بلوں نے گھروں کے بجٹ تباہ کر دیے ہیں، آٹا، چینی، دالیں، سبزیاں اور ادویات عام شہری کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں ۔ ایک مزدور، ایک دیہاڑی دار، ایک ریٹائرڈ ملازم، ایک سفید پوش باپ اور میڈیا ورکرزکے لیے اپنے بچوں کا پیٹ پالنا بھی ایک کٹھن امتحان بن چکا ہے۔سوال یہ ہے کہ آخر اس ملک کے عوام کا قصور کیا ہے؟ کیا اس قوم نے اس لیے قربانیاں دی تھیں کہ چند خاندان اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھ کر حکمرانی کے مزے لوٹیں اور عام شہری دو وقت کی روٹی کے لیے ترستا رہے؟۔
پاکستان کی سیاسی تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو مختلف ادوار میں آنے والی حکومتوں نے ملکی معیشت کو سنبھالنے کے لیے عالمی مالیاتی اداروں، بالخصوص آئی ایم ایف، سے قرضوں کا سہارا لیا۔ ہر دور میں معاشی اصلاحات، ترقی اور خوشحالی کے دعوے کیے گئے، مگر قرضوں کا بوجھ بڑھتا گیا۔ آج اس قرض کی ادائیگی کے لیے نئے ٹیکس، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور دیگر معاشی اقدامات کا بوجھ بھی بالآخر عوام ہی پر منتقل ہوتا ہے۔ حکمرانوں سے سوال ہے کہ قرضوں کی رقم کہاں خرچ ہوئی؟ کتنے نئے کارخانے لگے؟ کتنے نوجوانوں کو روزگار ملا؟ کتنے سرکاری ہسپتالوں میں مفت اور معیاری علاج کی سہولت فراہم ہوئی؟ کتنے سرکاری اسکولوں کا معیار بہتر ہوا؟ اگر اربوں اور کھربوں روپے کے قرض لینے کے باوجود عوام کی زندگی میں بہتری نہیں آئی تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے؟۔ حکمران طبقے کی مراعات، سرکاری وسائل کے استعمال، غیر ضروری اخراجات، شاہانہ طرززندگی اور سرکاری دوروں پر اٹھنے والے اخراجات بھی مسلسل عوامی بحث کا موضوع ہیں۔غریب عوام اپنا اور اپنی فیملی کا پیٹ پالنے کے لیے دن رات محنت کرتا ہے ،جبکہ اشرافیہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے عیاشیوں میں مصروف ہے۔ عام شہری کو اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔ ایک غریب آدمی کو معمولی کام کے لیے سفارش، رشوت اور دفتری پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ طاقتور طبقے کے لیے قانون اور نظام کی رفتار اکثر مختلف دکھائی دیتی ہے۔ملکی انتظامی ڈھانچے میں بیوروکریسی کا کردار انتہائی اہم ہے۔ پالیسیاں بنانا، ان پر عمل درآمد کرنا، عوامی وسائل کی حفاظت اور شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا سرکاری مشینری کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔ لیکن جب سرکاری اداروں میں بدانتظامی، اقربا پروری، اختیارات کا ناجائز استعمال اور بدعنوانی کی شکایات جنم لیں تو ریاستی نظام پر عوام کا اعتماد کمزور ہونے لگتا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ کسی بھی عہدے، منصب یا سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ہر ایسے شخص کا احتساب کیا جائے جس پر قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہو۔ احتساب انتقام نہیں بلکہ قانون کے مطابق شفاف کارروائی کا نام ہے۔ کسی کو بھی محض سیاسی وابستگی یا عہدے کی بنیاد پر استثنا حاصل نہیں ہونا چاہیے۔ملک کے موجودہ حالات میں عوام کے ایک حلقے کی نظریں پاکستان کی عسکری قیادت پر بھی لگی ہوئی ہیں۔ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سے عوامی سطح پر یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ ملکی استحکام، قومی سلامتی اور آئین کی بالادستی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ عوام کی خواہش ہے کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ ہو، قومی دولت لوٹنے والوں کا بلاامتیاز احتساب ہو، سرکاری وسائل پر اشرافیہ کی اجارہ داری ختم ہو اور حکمرانوں کو عوام کے سامنے جواب دہ بنایا جائے۔ فوج ہو، پارلیمان ہو، عدلیہ ہو یا انتظامیہ، ہر ادارے کو اپنے آئینی دائرہ کار میں رہ کر ملک کی بہتری کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔پاکستان کو کھوکھلے وعدوں اور سیاسی محاذ آرائی کی نہیںبلکہ ایک ایسی قومی پالیسی کی ضرورت ہے جس میں معیشت کی بحالی، روزگار کی فراہمی، تعلیم، صحت، انصاف اور عام شہری کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔قومی خزانے سے غیر ضروری مراعات ختم کی جائیں، سرکاری اخراجات میں کمی لائی جائے، قرضوں کے استعمال کا مکمل حساب عوام کے سامنے رکھا جائے، ٹیکس کا منصفانہ نظام قائم کیا جائے اور بدعنوانی میں ملوث افراد کے خلاف شواہد کی بنیاد پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔یہ بھی یاد رکھنا ہوگا کہ جب ایک باپ اپنے بچوں کو بھوکا سوتا دیکھتا ہے، جب ایک نوجوان ڈگری ہاتھ میں لیے روزگار کے لیے دربدر ہوتا ہے، جب ایک بیمار شخص علاج کے پیسے نہ ہونے کے باعث بے بسی کا شکار ہوتا ہے اور جب کوئی مجبور شہری خودکشی جیسے انتہائی اقدام کی طرف جاتا ہے تو یہ صرف ایک خاندان کا المیہ نہیں رہتا بلکہ پورے معاشرے اور ریاست کے لیے لمحہ فکریہ بن جاتا ہے۔آج پاکستان کو ایسے نظام کی ضرورت ہے جہاں حکمران عوام کے خادم ہوں، مالک نہیں، جہاں سرکاری عہدہ ذاتی مفادات کا ذریعہ نہ ہو بلکہ قومی خدمت کی ذمہ داری ہو، جہاں قانون طاقتور اور کمزور دونوں کے لیے یکساں ہو۔آخر میں سوال صرف اتنا ہے کہ عوام کب تک قربانیاں دیتے رہیں گے اور حکمران کب جواب دہ ہوں گے؟پاکستان کسی ایک خاندان، جماعت ، ادارے یا طبقے کی جاگیر نہیں۔ یہ پچیس کروڑ سے زیادہ انسانوں کا وطن ہے، جن کی اُمیدیں، خواب اور مستقبل اس سرزمین سے وابستہ ہیں۔ اس ملک کو بچانے کے لیے ضروری ہے کہ سیاست کو ذاتی مفادات سے آزاد، معیشت کو قرضوں کے مستقل سہارے سے نجات دلانے اور احتساب کو حقیقی معنوں میں غیر جانب دار بنایا جائے۔اب وقت آ گیا ہے کہ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے ہر شخص کو یہ احساس ہو کہ عوام کی خاموشی کو ان کی رضامندی نہ سمجھا جائے۔ عوام کو روٹی، روزگار، انصاف، عزت اور محفوظ مستقبل چاہیے۔ یہی ان کا حق ہے اور یہی کسی بھی ریاست کی کامیابی کا اصل پیمانہ ہے۔پاکستان اور پاک فوج ہمیشہ زندہ باد
