لاہور (عمرحیات چوہدری) چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات پر سال 2026-27 کو کسٹمر سروسز اینڈ سیفٹی کا سال قرار دیے جانے کے تحت ملازمین کی حفاظت اور سیفٹی ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں انہوں نے لیسکو سینٹرل اور نادرن سرکلز میں منعقدہ سیفٹی سیمینارز میں خصوصی شرکت کی اور افسران و لائن اسٹاف سے خطاب کیا۔ اس موقع پر جی ایم آپریشنز عباس علی اور چیف ہیلتھ اینڈ سیفٹی احمد اختر رحمان بھی موجود تھے۔
ترجمان لیسکو کے مطابق سنٹرل سرکل میں سیمینار کی میزبانی ایس ای ثناءمحمد گجر جبکہ نادرن سرکل میں ایس ای محمد مزمل نے کی۔ دونوں سیمینارز میں متعلقہ سرکلز کے افسران اور فیلڈاسٹاف نے شرکت کی۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملازمین کی جانوں کا تحفظ لیسکو کی اولین ترجیح ہے۔ لائنوں پر کام شروع کرنے سے قبل پرمٹ ٹو ورک، فیڈر کی مکمل بندش، ارتھنگ اور لائن کے ڈیڈ ہونے کی تصدیق لازمی کی جائے۔ ہیلمٹ، سیفٹی بیلٹ، دستانوں اور دیگر حفاظتی آلات کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ کسی قسم کی جلد بازی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لیسکو کا ہدف زیرو ایکسیڈنٹ ہے، جس کے لیے تمام افسران اور ملازمین کو سیفٹی ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرنا ہوگا۔ فیلڈ افسران اپنے عملے کی حفاظت کے حوالے سے خصوصی نگرانی کریں۔
سیمینارز کے اختتام پر تمام افسران اور ملازمین نے حلف اٹھایا کہ وہ دورانِ ڈیوٹی حفاظتی اصولوں پر مکمل عمل کریں گے، بغیر پرمٹ ٹو ورک کسی لائن پر کام نہیں کریں گے اور حفاظتی آلات کے استعمال کو یقینی بناتے ہوئے اپنی اور اپنے ساتھیوں کی جانوں کا تحفظ کریں گے۔









