21

شیخ رشید، فردوس شمیم، اعجاز الحق کے کاغذاتِ نامزدگی منظور

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

ملک بھر میں قائم الیکشن ٹریبونلز کی جانب سے امیدواران کی کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں پرسماعتیں جاری ہیں۔

فردوس شمیم کے کاغذات منظور

کراچی میں الیکشن ٹریبونل نے این اے 236 سے پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کی اپیل کی سماعت کرتے ہوئے ان کی اپیل منظور کر لی اور کاغذاتِ نامزدگی منظور کر لیے۔

اعجاز الحق کے کاغذاتِ نامزدگی منظور

راولپنڈی میں الیکشن ٹریبونل نے مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کر لیے۔

الیکشن ٹریبونل نے اعجاز الحق کے کاغذات پر ریٹرننگ افسر کے اعتراضات کو مسترد کر دیا۔

اعجاز الحق نے راولپنڈی کے حلقہ این اے 55 سے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے تھے۔

شیخ رشید کے 2 حلقوں سے کاغذات منظور

راولپنڈی ہی کے الیکشن ٹریبونل نے شیخ رشید کے حلقہ این اے 56 اور 57 سے کاغذاتِ نامزدگی منظور کر لیے۔

کاغذات مسترد کیے جانے کے خلاف شیخ رشید نے الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر کی تھی۔

فواد چوہدری کی اپیل پر نوٹس جاری

فواد چوہدری کے جہلم کی 2 نشستوں سے کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔

الیکشن ٹریبونل نے کل کے لیے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیے۔

فواد چوہدری کے وکیل نے ٹریبونل کو بتایا کہ فواد چوہدری کو الیکشن سے باہر رکھنے کے لیے بوگس اعتراضات عائد کیے جا رہے ہیں۔

آزاد امیدوار مظہر جونیجو کی اپیل مسترد

سندھ میں جسٹس خادم حسین تنیو پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے آزاد امیدوار کی اپیل مسترد کر دی۔

پی ایس 86 سے آزاد امیدوار مظہر جونیجو نے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی۔

اپیل کی گئی تھی کہ ریٹرننگ افسر نے تجویز کنندہ کا تعلق حلقے سے نہ ہونے پر مظہر جونیجو کے کاغذات مسترد کیےہیں۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ امیدوار کے پاس 5 فارم جمع کرانے کے مواقع تھے جو استعمال نہیں کیے۔

ذوالفقار دستی کے کاغذاتِ نامزدگی منظور

لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ میں قائم اپیلیٹ ٹریبونل نے فیصلہ سناتے ہوئے این اے 175 سے ذوالفقار دستی کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کرنے کا حکم دے دیا۔

فیصلہ اپیلیٹ ٹربیونل کے جسٹس علی ضیاء باجوہ نے سنایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں