122

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا معرکہ حق کے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت

اسلام آباد(رپورٹر) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 7 سے 10 مئی کے دوران بھارتی افواج کی جانب پاکستان پر کی جانے والی بلا اشتعال اور بزدلانہ جارحیت کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں مسلح افواج کے جری سپوتوں، معصوم بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے معرکہ حق میں پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب، سینئر ٹیکنیشن نجیب، کارپورل ٹیکنیشن فاروق، سینئر ٹیکنیشن مبشر سمیت بری فوج کے نائیک عبدالرحمٰن، لانس نائیک دلاور خان، لانس نائیک اکرام اللّٰہ، نائیک وقار خالد، سپاہی محمد عدیل اکبر اور سپاہی نثار کی جرات اور بہادری کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہداء کے اہلخانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مسلح افواج کے بہادر جوانوں کی عظیم قربانی پر پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان سپوتوں کی قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کا دلیرانہ اور مؤثر جواب دے کر یہ ثابت کیا ہے کہ وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کے محفوظ مستقبل کی بنیاد رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہداء کی یہ عظیم قربانیاں ہمیشہ تاریخ کا روشن باب رہیں گی۔ اسپیکر نے بھارتی حملوں میں زخمی ہونے والے جوانوں اور عام شہریوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں