12

ن لیگ، پی ٹی آئی وہ کام نہیں کرسکتی جو پیپلز پارٹی کرسکتی ہے، بلاول

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے گڑھ لاہور میں کھڑے ہو کر نواز شریف پر وار کرتے ہوئے کہا کہ دل کی تکلیف ہوتی ہے تو لندن بھاگ جاتے ہيں، انہيں کہا بھی تھا لندن جانے کی ضرورت نہیں، کراچی میں اسپتال موجود ہے۔ اب ہم رائیونڈ ميں بھی آپ کے مفت علاج کے لیے اسپتال بنائيں گے۔

رائے ونڈ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کے ہر حلقے سے الیکشن لڑ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نفرت، تقسیم اور گالی گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ ہم اپنے منشور پر الیکشن لڑیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو موقع ملے گا تو اپنا وعدہ پورا کریں گے۔ عوام کے ساتھ پہلا وعدہ ہے کہ آپ کی آمدنی کو ڈبل کرنا چاہتے ہیں۔ پیپلز پارٹی غریب خاندانوں کو 300 یونٹ بجلی مفت دلوائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے ساتھ ہمارا وعدہ ہے ہم آپ کو تعلیم دلوائیں گے۔ ہمارے وعدے ن لیگ اور پی ٹی آئی کی طرح جھوٹے وعدے نہیں۔

انکا کہنا تھا کہ عوام سے وعدہ ہے ہم مفت اور معیاری علاج دلوائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دل کی تکلیف ہوتی ہے تو لندن بھاگ جاتے ہیں، میں نے اس وقت بھی کہا تھا کہ لندن جانے کی ضرورت نہیں بلکہ کراچی میں بھی اسپتال موجود ہے۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم یہاں رائیونڈ میں بھی آپ کے مفت علاج کےلیے اسپتال بنائیں گے۔ محترمہ بےنظیر بھٹو نے عوام کو 5 مرلہ کی اسکیم دی تھی۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری چوہدری عبدالغفور اور ان کے ساتھیوں کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔ 

انکا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر حلقے سے جیتنے اور حکومت بنانے کے لیے اتخابات لڑ رہی ہے۔ آپ نے ہمارے 10 نکاتی منشور کو رائیونڈ کے عوام تک پہنچانا ہے۔

چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے 50 لاکھ گھر کا وعدہ کیا، ایک بھی گھر نہیں بنایا۔ سندھ میں ہم سیلاب متاثرین کےلیے 20 لاکھ گھر بنارہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم مزدور کارڈ لے کر آئیں گے ہم مزدور کو ہر سہولت دیں گے۔ کسان کارڈ کے ذریعے چھوٹے کسانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچائیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جو نوجوان روزگار کی تلاش میں ہیں ان کو مالی مدد فراہم کریں گے۔ پیپلز پارٹی ملک بھر میں بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں