پیپلز پارٹی سندھ کے سینئر رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ہماری مثبت سیاست سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو نقصان پہنچا ہے۔
کراچی سے جاری بیان میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ بہتر ہوا ہے، صوبے میں ترقی ہوئی ہے، انفرااسٹرکچر بہتر ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی پی پی نے سندھ کے عوام کی خدمت کی یہی وجہ ہے کہ کراچی کا میئر جیالا ہے۔ شہر سے دھونس، دھاندلی، بوری بند لاشوں کی سیاست کو ہم نے ختم کیا۔
پی پی سندھ کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ آج بوری بند لاشیں نہیں ملتیں، بھتہ کلچر ہم نے ختم کیا ہے، پولنگ اسٹیشنز کو یرغمال بنالیا جاتا تھا وہ سلسلہ بند کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایم کیو ایم کہیں نظر نہیں آ رہی، ہم پہلی بار سندھ میں دیہی بلکہ شہری علاقوں میں بھی کلین سوئپ کر رہے ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی کی 22 نشستوں میں سے 15 پر ہم مکمل پُر اعتماد ہیں۔