پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز پر گمراہ کن اور سنسنی خیز تھمب نیلز کے استعمال سے باز رہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیمرا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹی وی چینلز اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پوسٹس کے لیے ایسے تھمب نیلز اپ لوڈ کر رہے ہیں جو نہ صرف جعلی ہیں بلکہ ان کے مواد سے مطابقت بھی نہیں رکھتے۔ ان اقدامات سے عوام میں بے چینی، خوف اور غیر یقینی کی کیفیت پیدا ہو رہی ہے۔
پیمرا نے تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے یوٹیوب، فیس بک، انسٹاگرام یا کسی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر اپ لوڈ مواد کے تھمب نیلز یا عنوانات کو نشر کیے گئے مواد کے مطابق رکھیں۔ مزید یہ کہ کسی بھی چینل کے لوگو یا نام میں کسی قسم کی تبدیلی یا تحریف کی اجازت نہیں ہوگی۔ پیمرا نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی چینل کے خلاف اس حوالے سے شکایت موصول ہوئی یا خلاف ورزی ثابت ہوئی تو پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 29-اے اور 30 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پیمرا نے یہ بھی واضح کیا کہ اس اقدام کا مقصد عوام میں غیر ضروری سنسنی اور خوف پھیلانے سے روکنا اور میڈیا پر عوام کے اعتماد کو برقرار رکھنا ہے۔ تمام چینلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر ان ہدایات پر عمل درآمد کریں۔
25