لاہور (عمرحیات چوہدری)جماعت اسلامی لاہور کے وفد نے ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ امیرجماعت اسلامی لاہور کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر لاہور سے اہم ملاقات کی، جس میں شہر کو درپیش سنگین شہری مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں اظہر بلال سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور، قیصر شریف صدر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی لاہوراور سیکرٹری پبلک ایڈ کمیٹی شاہد نوید ملک بھی شامل تھے۔ملاقات کے دوران امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری نے شہر لاہور کے مختلف علاقوں میں درپیش بنیادی مسائل کو تفصیل سے اجاگر کیا۔ انہوں نےآوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد بھی ملاقات کا اہم موضوع رہی۔ وفد نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں شہری خصوصاً بچے اور بزرگ اس مسئلے سے عدم تحفظ کا شکار ہیں، اور اس کے سدباب کے لیے مؤثر اور فوری حکمت عملی کی ضرورت ہےجس پر جلد اجلد انتظامیہ کی طرف سے ایکشن لیا جائے اور عملی کاروائی کا آغاز کیا جائے تاکہ شہریوں کی جانوں کو محفوظ بنایا جاسکے ۔ وفد نے گیس لوڈ شیڈنگ کے بڑھتے ہوئے مسئلے کو بھی اجاگر کیا، مہنگی ایل پی جی فروخت کرنے والے گراں فروشوں کے خلاف ایکشن فوری ایکشن کی اپیل کی گی اورنشاندہی کی کہ گلی محلوں اور بازاروں میں بجلی کی لٹکتی اور بے ہنگم تاریں شہریوں کے لیے شدید خطرہ بن چکی ہیں، جن سے کسی بھی وقت حادثات رونما ہو سکتے ہیں۔ اس حوالے سے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔مزید برآں، تاجروں کے ساتھ پیرا فورس کے مبینہ ناروا سلوک پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ کاروباری طبقے کے ساتھ غیر مناسب رویہ نہ صرف معاشی سرگرمیوں کو متاثر کرتا ہے بلکہ اعتماد کی فضا کو بھی نقصان پہنچاتا ہے، لہٰذا اس حوالے سے واضح ہدایات اور اصلاحی اقدامات ناگزیر ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے وفد کے نکات کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔ اس موقع پر باہمی مشاورت سے شہر میں بہتری لانے کے لیے عملی اقدامات اور مربوط پلاننگ پر بھی اتفاق کیا گیا۔
