9

بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی دھمکی کے ساتھ بے تحاشہ لوڈشیڈنگ حکومتی نااہلی اور عوام دشمن پالیسی ہے

امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی سید مودودی اسلامک سنٹر میں پریس کانفرنس

بجلی و گیس لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور بلدیاتی انتخابات میں تاخیر پر حکومت پر کڑی تنقید

لاہور(عمرحیات چوہدری) سید مودودی اسلامک سنٹر میں جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام ایک اہم پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے شہر میں جاری بجلی و گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ، بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور بلدیاتی انتخابات میں تاخیر پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ پریس کانفرنس میں نائب امراء جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ، صدر پبلک ایڈ کمیٹی قیصر شریف، سیکرٹری شاہد نوید ملک اور تاجر رہنما خرم اصغر بٹ بھی شریک تھے۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ لاہور میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے، گنجان آباد بعض علاقوں میں 6 سے 7 گھنٹے تک بجلی بند رہنے کی اطلاعات ہیں۔ اس صورتحال نے شہریوں کو شدید اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے اور کاروباری و گھریلو زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی دھمکی کے ساتھ بے تحاشہ لوڈشیڈنگ حکومتی نااہلی اور عوام دشمن پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے۔ لاہور جیسے بڑے معاشی مرکز میں روزانہ اربوں روپے کا کاروبار ہوتا ہے، مگر توانائی بحران کے باعث معیشت شدید نقصان کا شکار ہے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور نے حکومت پنجاب کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ مقامی حکومتوں کا قانون آئین سے متصادم ہے اور اس میں فوری ترمیم کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نچلی سطح پر اختیارات منتقل کرنے میں سنجیدہ نہیں، جس کے باعث لاہور شہری مسائل کا گڑھ بن چکا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے اور مکمل لاک ڈاؤن کے بجائے اسمارٹ اور سیکٹر وائز پالیسی اپنائی جائے تاکہ کاروبار اور روزگار کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے خبردار کیا کہ اگر بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ برقرار رہا تو جماعت اسلامی احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں