5

بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے


کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں بلکہ گھریلو زندگی بھی بحران کا شکار ہے۔
پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات مسلسل مہنگائی کی صورت میں عوام پر منتقل ہو رہے ہیں۔
جلی و گیس غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو بند کیا جائے تاکہ لوگوں کے کاروبار اور گھریلو زندگی نارمل ہوسکے ۔
امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ ڈسٹرکٹ لاہور کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب

لاہور (عمرحیات چوہدری) اامیر جماعت اسلامی لاہور، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جس کے باعث نہ صرف کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں بلکہ گھریلو زندگی بھی بحران کا شکار ہے۔ پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے اثرات مسلسل مہنگائی کی صورت میں عوام پر منتقل ہو رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ ایل پی جی اور مہنگائی مافیا کے سامنے بے بس دکھائی دیتی ہے، جبکہ شہر بھر میں ایل پی جی سرکاری نرخوں پر دستیاب نہیں۔ عوام مہنگے داموں ایندھن خریدنے پر مجبور ہیں، جو حکومتی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے اور بجلی و گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فی الفور خاتمہ کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور معمولات زندگی بحال ہو سکیں۔انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل پر خاموش نہیں رہ سکتی اور عوام کے حقوق کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید تیز کرے گی، جبکہ حکومتی نااہلی کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سید مودودی اسلامک سنٹر میں جماعت اسلامی لاہور کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی۔ اجلاس میں شہر کی مجموعی سیاسی صورتحال، بلدیاتی مسائل، اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال سمیت نائب امراء انجینئر اخلاق احمد، ملک شاہد اسلم، خالد احمد بٹ، چوہدری محمد شوکت و دیگر ذمہ داران کے علاوہ مختلف شعبہ جات کے صدور اور سیکرٹریز بھی اجلاس میں موجود تھے۔اجلاس میں شہر بھر میں بجلی اور گیس کی بے تحاشہ لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کی گئی۔ شرکاء نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے رجحان اور بے روزگاری پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں