26

اتحادِ امت وقت کی اہم ضرورت ہے۔لیاقت بلوچ مشترکہ ملی جدوجہد سے ہی امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ ضیاء الدین انصاری


شہیدِ امت کانفرنس کو امتِ مسلمہ کے اتحاد، بیداری اور فکری رہنمائی کا مؤثر پلیٹ فارم بنایا جائے گا۔علامہ سید جواد نقوی
لاہور (عمرحیات چوہدری) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی وفد کے ہمراہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں علامہ سید جواد نقوی سے ملاقات کی۔ جماعت اسلامی کے وفد میں امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری اور امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔علامہ سید جواد نقوی نے جماعت اسلامی کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران 13 جون کو مینارِ پاکستان لاہور میں منعقد ہونے والی “شہیدِ امت کانفرنس” کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی اور کانفرنس کے اغراض و مقاصد، پروگرام کی تیاری، انتظامی امور اور دیگر اہم معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ملاقات میں امتِ مسلمہ کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز، قومی و ملی مسائل اور ملتِ اسلامیہ کی مشترکہ ذمہ داریوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں امتِ مسلمہ کے مختلف طبقات اور دینی و ملی قوتوں کے درمیان باہمی رابطے، یکجہتی اور تعاون کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ اور امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ اتحادِ امت ہی ملتِ اسلامیہ کی اصل طاقت اور کامیابی کا سرچشمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آج امتِ مسلمہ کو جن مشکلات اور آزمائشوں کا سامنا ہے، ان سے نمٹنے کے لیے باہمی اتحاد، اتفاق اور مشترکہ جدوجہد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔وفد اور علامہ سید جواد نقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہیدِ امت کانفرنس کو امتِ مسلمہ کے اتحاد، بیداری اور فکری رہنمائی کا مؤثر پلیٹ فارم بنایا جائے گا تاکہ قومی و ملی سطح پر مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں