25

جمہوریت اور جمہوری عمل ہی ملک و قوم کے استحکام، ترقی اور عوامی اعتماد کی بنیاد ہیں۔ضیاء الدین انصار ی ایڈووکیٹ


کشمیر انتخابات کی تیاریوں کے لیے جماعت اسلامی لاہور کا اہم اجلاس، مؤثر انتخابی حکمت عملی تشکیل
آزاد، منصفانہ، شفاف اور غیرجانبدار انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں ۔ مطالبہ

لاہور: جموں و آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں سید مودودی اسلامک سنٹر لاہور میں جماعت اسلامی لاہور کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی۔ اجلاس میں کشمیر انتخابات کے لیے جامع پلاننگ، تنظیمی حکمت عملی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں آزاد کشمیر انتخابات کے لیے جماعت اسلامی لاہور کی انتخابی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ کو لاہور میں انتخابی مہم کا انچارج مقرر کیا گیا، جبکہ عبدالعزیز عابد کو حلقہ ایل اے-34 ون اور حافظ مظہر جیلانی کو ایل اے-41 کا نگران مقرر کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی جموں و آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھرپور تیاری اور منظم حکمت عملی کے ساتھ حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر انتخابات کے لیے باصلاحیت، متحرک اور تجربہ کار ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو انتخابی مہم کو مؤثر انداز میں آگے بڑھائے گی۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ آزاد، منصفانہ، شفاف اور غیرجانبدار انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام اپنی رائے آزادانہ طور پر استعمال کر سکیں۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جمہوریت اور جمہوری عمل ہی ملک و قوم کے استحکام، ترقی اور عوامی اعتماد کی بنیاد ہیں، اس لیے انتخابی عمل کو ہر قسم کے دباؤ اور مداخلت سے پاک رکھا جانا چاہیے۔انہوں نے حکومت آزاد کشمیر پر زور دیا کہ مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کیا جائے اور تمام سیاسی و عوامی مسائل کو افہام و تفہیم کے ذریعے نمٹایا جائے تاکہ خطے میں سیاسی استحکام اور عوامی اعتماد کو فروغ ملے۔اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری عامر نثار خان، میاں عثمان افضل، عبدالعزیز شگری، خوشحال شاہین، ملک الیاس، ملک منیر، زاہد شباب بٹ، عمر شہباز، محمد ابراہیم، محمد عرفان، راجہ فیاض سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی اور انتخابی تیاریوں کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی مشاورت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں