8

3 ستمبر کی ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے تاجر برادری بھرپور کردار ادا کرے، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ

پیٹرولیم لیوی، مہنگائی اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جماعت اسلامی کی پُرامن جدوجہد جاری ہے۔

لاہور: جماعت اسلامی لاہور کے امیر ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے 3 ستمبر کی ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے آٹو اسپیئر پارٹس مارکیٹ کا دورہ کیا اور ڈور ٹو ڈور تاجر رہنماؤں اور دکانداروں سے ملاقاتیں کیں۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے 3 ستمبر کی پُرامن ہڑتال کو مارکیٹیں بند رکھ کر احتجاج کو کامیاب بنائیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی عوام دشمن معاشی پالیسیوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام شہریوں کے ساتھ ساتھ تاجر برادری کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔کاروباری لاگت میں مسلسل اضافے اور ٹیکسوں کے بوجھ نے تاجروں کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل بنا دیا ہے۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے کہا کہ جماعت اسلامی پیٹرولیم لیوی کے خاتمے، مہنگائی میں کمی، عوام کو سستی روٹی اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے پُرامن اور جمہوری جدوجہد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو عوام کو فوری اور حقیقی ریلیف دینا ہوگا۔ جماعت اسلامی کا احتجاج کسی ایک طبقے کی نہیں بلکہ 25 کروڑ پاکستانیوں کے مسائل، مشکلات اور مطالبات کی ترجمانی کر رہا ہے۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ تاجر برادری ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور موجودہ حالات میں تاجروں کا متحد ہونا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ 3 ستمبر کی ہڑتال کو پُرامن اور منظم انداز میں کامیاب بنا کر عوامی حقوق کی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں